بیس رکعت تروایح کا ثبوت
الجواب بعون الملک الوھاببسم اللہ الرحمن الرحیم حامدا و مصلیارمضان میں بیس رکعت تراویح سنت رسول ﷺ ، سنت صحابہ اور سنت عامۃ المسلمین ہے ۔ دلائل درج ذیل ہیں ۔ابن ابی شیبہ اور طبرانی نے کبیر میں، امام بیہقی نے سنن الکبری میں حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے ۔عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ، «أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ يُصَلِّي فِي رَمَضَانَ عِشْرِينَ رَكْعَةً وَالْوِتْرَ۔[1]ترجمہ:۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ رمضان شریف میں بیس رکعت اور وتر پڑھا کرتے تھے ۔مزید برآں سرکار دوعالم ﷺ کا ارشاد گرامی ہے ۔عَلَيْكُمْ بِسُنَّتِي، وَسُنَّةِ الْخُلَفَاءِ الرَّاشِدِينَ الْمَهْدِيِّينَ۔[2]ترجمہ:۔ کہ تم پر میری اور میرے خلفائے راشدین مہدیین کی سنت لازم ہے۔خلفاء راشدین میں سے حضرت سیدنا عمر بن خطاب ، حضرت عثمان ذوالنورین اور حضرت علی المرتضی رضی اللہ عنھم کے زمانہ میں بیس رکعت باجماعت تراویح کے پڑھنے کا ثبوت محدثین تک پہنچا ہے اور اس پر صحابہ کرام کا اجماع ہے اور کسی صحابی کا انکار مروی نہیں ۔ترمذی شریف میں امام ترمذی نے باب ما جاء فی قیام شھر رمضان میں تحریر فرمایا۔وَأَكْثَرُ أَهْلِ العِلْمِ عَلَى مَا رُوِيَ عَنْ عُمَرَ، وَعَلِيٍّ، وَغَيْرِهِمَا مِنْ أَصْحَابِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عِشْرِينَ رَكْعَةً، وَهُوَ قَوْلُ الثَّوْرِيِّ، وَابْنِ المُبَارَكِ، وَالشَّافِعِيِّ " وقَالَ الشَّافِعِيُّ: «وَهَكَذَا أَدْرَكْتُ بِبَلَدِنَا بِمَكَّةَ يُصَلُّونَ عِشْرِينَ رَكْعَةً۔[3]ترجمہ:۔ اکثر علماء کا عمل اسی پر ہے جو حضرت عمر، حضرت علی اور دیگر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے منقول ہے ۔ یعنی بیس رکعت تراویح اور یہی قول سفیان ثوری ، ابن مبارک اور امام شافعی کا ہے ۔ امام شافعی نے فرمایا کہ ہم نے مکہ والوں کو اسی طرح بیس رکعت تروایح پڑھتے پایا ہے۔امام بہیقی نے سنن الکبری میں حضرت سائب بن یزید سے روایت کیا ہے ۔عَنِ السَّائِبِ بْنِ يَزِيدَ قَالَ: " كَانُوا يَقُومُونَ عَلَى عَهْدِ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ فِي شَهْرِ رَمَضَانَ بِعِشْرِينَ رَكْعَةً " قَالَ: " وَكَانُوا يَقْرَءُونَ بِالْمِئَينِ، وَكَانُوا يَتَوَكَّئُونَ عَلَى عِصِيِّهِمْ فِي عَهْدِ عُثْمَانَ بْنِ عَفَّانَ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ مِنْ شِدَّةِ الْقِيَامِ۔[4]ترجمہ:۔ سائب بن یزید سے مروی ہے کہ حضرت فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کے زمانہ میں ہم رمضان کے مہینہ میں بیس رکعت پڑھتے تھے ۔ اور وہ سو آیات یا سو کے قریب والی سورتیں تلاوت کرتے تھے ۔ اور حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے عہد خلافت میں وہ شدت قیام کی وجہ سے (بعض اوقات)اپنی لاٹھیوں پر ٹیک لگا لیتے تھے ۔مرقاۃ شرح مشکوۃ میں ملا علی قاری رحمہ اللہ تعالی فرماتے ہیں ۔وَرَوَى الْبَيْهَقِيُّ فِي الْمَعْرِفَةِ عَنِ السَّائِبِ بْنِ يَزِيدَ قَالَ: كُنَّا نَقُومُ فِي زَمَنِ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ بِعِشْرِينَ رَكْعَةً وَالْوِتْرِ، قَالَ النَّوَوِيُّ فِي الْخُلَاصَةِ: إِسْنَادُهُ صَحِيحٌ۔[5]اور امام بیہقی نے معرفہ میں سائب بن یزید سے روایت کی ہے ۔ کہ ہم حضرت فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کے زمانہ خلافت میں بیس رکعت تراویح اور وتر پڑھتے تھے اور امام نووی شارح صحیح مسلم نے خلاصہ میں تحریر فرمایا کہ اس کی سند صحیح ہے ۔مصنف ابن ابی شیبہ میں عبد العزیز بن رُفیع سے روایت کیا ہے ۔عَنْ عَبْدِ الْعَزِيزِ بْنِ رُفَيْعٍ قَالَ: «كَانَ أُبَيُّ بْنُ كَعْبٍ يُصَلِّي بِالنَّاسِ فِي رَمَضَانَ بِالْمَدِينَةِ عِشْرِينَ رَكْعَةً، وَيُوتِرُ بِثَلَاثٍ۔[6]عبد العزیز بن رفیع سے روایت کہ ابی بن کعب مدینہ طیبہ میں لوگوں کو رمضان شریف کے مہینہ میں بیس رکعت تروایح اور تین رکعت وتر پڑھاتے تھے ۔مصنف ابن ابی شیبہ میں ابو اسحاق الحارث سے مروی ہے ۔ عَنِ الْحَارِثِ أَنَّهُ كَانَ يَؤُمُّ النَّاسَ فِي رَمَضَانَ بِاللَّيْلِ بِعِشْرِينَ رَكْعَةً، وَيُوتِرُ بِثَلَاثٍ، وَيَقْنُتُ قَبْلَ الرُّكُوعِ۔[7]کہ حضرت حارث رمضان شریف کی راتوں میں لوگوں کو بیس رکعت تراویح پڑھایا کرتے تھے ۔ اور نماز وتر کی تین رکعت اور رکوع سے پہلے نماز وتر میں دعائے قنوت پڑھا کرتے تھے ۔امام بہیقی نے سنن کبری میں شتیر بن شکل سے روایت کی جو حضرت علی رضی اللہ عنہ کے اصحاب میں سے تھے ۔أنبأ أَبُو الْخَصِيبِ قَالَ كَانَ يَؤُمُّنَا سُوَيْدُ بْنُ غَفَلَةَ فِي رَمَضَانَ فَيُصَلِّي خَمْسَ تَرْوِيحَاتٍ عِشْرِينَ رَكْعَةً "وَرُوِّينَا عَنْ شُتَيْرِ بْنِ شَكَلٍ، وَكَانَ مِنْ أَصْحَابِ عَلِيٍّ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ " أَنَّهُ كَانَ يَؤُمُّهُمْ فِي شَهْرِ رَمَضَانَ بِعِشْرِينَ رَكْعَةً، وَيُوتِرُ بِثَلَاثٍ " وَفِي ذَلِكَ قُوَّةٌ لِمَا۔ [8]ابو خصیب نے خبر دی کہ ہمیں سوید بن غفلۃ رمضان میں امامت کروایا کرتے تھے اور پانچ ترویحوں میں بیس رکعتیں پڑھاتے اور ہمیں رویت کیا شتیر بن شکل نےجو کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کے اصحاب میں سے تھے، کہ وہ انکو رمضان کے مہینہ میں بیس رکعت تروایح اور تین رکعت نماز وتر پڑھا یاکرتے تھے اور اس کی سند میں قوت ہے۔(اسکی سند صحیح اور قوی ہے )۔مصنف عبد الرزاق میں سائب بن یزید سے بایں الفاظ روایت ہے ۔عَنِ السَّائِبِ بْنِ يَزِيدَ قَالَ: «كُنَّا نَنْصَرِفُ مِنَ الْقِيَامِ عَلَى عَهْدِ عُمَرَ، وَقَدْ دَنَا فُرُوعُ الْفَجْرِ، وَكَانَ الْقِيَامُ عَلَى عَهْدِ عُمَرَ ثَلَاثَةً وَعِشْرِينَ رَكْعَةً۔[9]کہ ہم حضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کے زمانہ اقدس میں اس وقت قیام سے فارغ ہوتے جبکہ فجر طلوع ہونے کے قریب ہو جاتی اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے عہد خلافت میں تیئس (23)رکعات پڑھی جاتی تھیں ۔ (یعنی بیس تراویح اور تین وتر)عَن السَّائِب بن يزِيد أَنهم كَانُوا يقومُونَ فِي رَمَضَان بِعشْرين رَكْعَة فِي زمَان عمر بن الْخطاب، رَضِي الله تَعَالَى عَنهُ۔[10]اس حدیث پاک اور اس سے پہلے حدیث پاک میں تطبیق یہ ہے کہ پہلی حدیث میں تراویح اور وتر دونوں نمازوں کی رکعات کا ذکر ہے اور اس میں صرف بیس رکعت تراویح کا ذکر ہے ۔تبصرہاگرچہ ایک مرفوع حدیث میں بھی بیس رکعات تراویح کا ذکر ہے البتہ بیس رکعت تراویح خلفائے راشدین کی سنت سے بھی ثابت ہیں۔ اور شرعی معاملہ میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا عمل مرفوع حدیث کے حکم میں ہے۔مدینہ طیبہ اور مکہ مکرمہ تروایح کی رکعتیں وصال نبوی سے لیکر حضرت شافعی رحمہ اللہ علیہ کے دور تک بیس رکعتیں تھیں جیسا کہ امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ نے ذکر فرمایا۔نیز ابن ابی شیبہ، طبرانی اور بہیقی نے ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت لی ہے کہ حضور ﷺ وتروں کے بغیر رمضان میں بیس رکعتیں پڑھتے تھے۔ ان تین عظیم محدثین کی روایت سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ صحابہ کرام کو اس مرفوع حدیث کا علم تھا تبھی تو وہ بیس رکعات پڑھتے رہے۔ فتاوی تاتارخانیہ میں ہے کہ امام ابو یوسف رحمۃ اللہ علیہ نے سیدنا امام اعظم رحمہ اللہ سے پوچھا کیا سیدنا حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا نبی کریم ﷺ سے کوئی عہد تھا جب انہوں نے بیس رکعتیں مقرر فرمائیں اور بیس کا اعلان فرمایا ۔امام اعظم رضی اللہ عنہ نے جواب دیا کہ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کو ئی بدعت پیدا فرمانے والے تو نہ تھے ۔نوٹ:۔ وہ روایت کہ نبی کریم ﷺ رمضان و غیر رمضان میں گیارہ رکعت ادا کرتے تھے اس سے مراد نماز تہجد اور تین وتر ہیں جو کہ غیر رمضان میں بھی پڑھے جاتے تھے۔ھذا ماعندنا واللہ اعلم بالصوابشیر محمد خان مفتی دارالافتاء دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف محمد شعیب رکن دارالافتاء دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریفتاریخ:2020۔08۔10[1] ۔ (مصنف ابن ابی شیبہ رقم الحدیث 7692کم یصلی فی رمضان من رکعۃ ج2ص 164)۔[2] ۔ سنن ابن ماجہ ،رقم الحدیث 42،باب اتباع الخلفاء الراشدین المھدین ج1ص15،شرح مشکل الآثار،رقم الحدیث 118 باب بیان مشکل ما روی عن رسول اللہ ﷺج3ص223،بالفاظ المتقاربہ، مسند احمد ط الرسالہ رقم الحدیث 17142 باب حدیث العرباض بن ساریہ عن النبی ﷺ ج28ص369)(حدیث صحیح بطرقہ و شواہدہ)(فتح الباری لابن حجر باب قول قص الشارب ج10ص339مرقاۃ ، عمدۃ القاری ، ترمذی ,رقم الحدیث 2676،باب ما جاء فی الاخذ بالسنۃ و اجتناب البدع ،(ھذا حدیث حسن صحیح )حاشیہ التلخیص الحبیر ط العلمیہ باب ادب القضاء ج4ص61)(قال الحاکم ھذا حدیث صحیح لیس لہ علۃ) (قال البغوی حدیث حسن )۔[3] ۔ (ترمذی باب ما جاء فی قیام شھر رمضان ج3ص160)۔[4] ۔ (السنن الکبری للبیہقی، رقم الحدیث 4288باب ما روی من عدد رکعات القیام فی شھر رمضان ج2ص698)(خلاصۃ الاحکام رقم الحدیث 1961 باب استحباب قیام رمضان و ھو التروایح ج1ص576)(رواہ البیہقی باسناد صحیح)۔[5] ۔ (مرقات باب قیام شہر رمضان ج3ص972 )(معرفۃ السنن والآثار رقم الحدیث5409)(السنن الصغیر للبیہقی رقم الحدیث821 باب قیام شہر رمضان ج1ص297) ۔[6] ۔ (مصنف ابن ابی شیبہ رقم الحدیث7684باب کم یصلی فی رمضان من رکعۃج2ص163) ۔[7] ۔ (مصنف ابن ابی شیبہ رقم الحدیث 7685باب کم یصلی فی رمضان من رکعۃ ج2ص163)۔[8] ۔ (السنن الکبری للبیہقی رقم الحدیث 4290 باب ما روی فی عدد رکعات القیام فی شھر رمضان ج2ص699) ۔)۔[9] ۔ (مصنف عبد الرزاق رقم الحدیث 7733 باب قیام رمضان ج4 ص261)۔[10] ۔ عمدۃ القاری، جلد11، صفحہ 127۔