عام تلاش:

مسجد کے فنڈ سے امام کی تنخواہ | مسجد کے چندہ سے امام کو تنخواہ دینا کیسا

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے دین اندر ایں مسئلہ کہ1:۔   مسجد کے چندہ سے امام مسجد اور خطیب کو تنخواہ دینا کیسا ہے ؟

2:۔   نیز ضروریات مسجد میں امام و خطیب  کا کونسا نمبر ہے۔ بینوا تؤجروا۔

Nov 22, 2026 335 views
شیئر کریں:

جواب

الجواب بعون الملک الوھاب

                                     بسم اللہ الرحمن الرحیم حامدا و مصلیا

مسجد کے چندہ کو سب سے پہلے تعمیر مسجد میں خرچ کیا جائے جب مسجد تعمیر ہو جائے تو امام مسجد کو مسجد کے چندہ سےتنخواہ دینا جائز ہے کیونکہ ضروریات مسجد میں پہلا نمبر امام و  خطیب کا ہے ۔ اور مسجد کے لئے امام و خطیب پہلے مقرر کرنا ہوگا اور اس کی تنخواہ پہلےنکالنا ہوگی جو اس کی ضروریات کو کافی رہے  اس کے بعد مسجد کی چٹایاں ،  پنکھے ،  لائٹس خریدی جا سکتی ہیں۔ دلائل ملاحظہ ہوں۔

         درمختار میں ہے۔

 (وَيُبْدَأُ مِنْ غَلَّتِهِ بِعِمَارَتِهِ) ثُمَّ مَا هُوَ أَقْرَبُ لِعِمَارَتِهِ كَإِمَامِ مَسْجِدٍ وَمُدَرِّسِ مَدْرَسَةٍ يُعْطَوْنَ بِقَدْرِ كِفَايَتِهِمْ ثُمَّ السِّرَاجُ وَالْبِسَاطُ كَذَلِكَ إلَى آخِرِ الْمَصَالِحِ وَتَمَامُهُ فِي الْبَحْرِ۔ )درمختار، جلد4، صفحہ 366 (

اور وقف کی آمدن سب سے پہلے اس کی  عمارت  پر لگائی جائے گی ، عمارت کے بعد آمدنی اس چیز پر صَرف کی جائے گی  جو عمارت سے قریب تر(اور با عتبار ِمصالح مفید تر ہو کہ یہ معنوی عمارت ہے)   ہو جیسے مسجدکے ليے امام اور مدرسہ کے ليے مدرس ( کہ ان سے  مسجد و مدرسہ کی آباد کاری ہے )،  اِن کو وقف کی آمدنی سے بقدر ضرورت (جو ضروریات کے لئے کافی رہے) دیا جائےگا  ۔ پھر چراغ،  اور دریاں (قالین)  اسی طرح دوسری ضروریات مسجد (کے لئے آمدنی صرف کی جائے گی)

مصالح مسجد میں امام، خطیب ، موذن اور مسجد کی دیکھ بھال کرنے والا داخل ہیں۔

فتاوی شامی میں ہے۔

مَصَالِحِ الْمَسْجِدِ يَدْخُلُ فِيهِ الْمُؤَذِّنُ وَالنَّاظِرُ وَيَدْخُلُ تَحْتَ الْإِمَامِ الْخَطِيبُ لِأَنَّهُ إمَامُ الْجَامِعِ۔)فتاوی شامی ، جلد4، صفحہ 367(

فتاوی عالمگیری  میں ہے۔

       الَّذِي يُبْدَأُ مِنْ ارْتِفَاعِ الْوَقْفِ عِمَارَتُهُ شَرَطَ الْوَاقِفُ أَمْ لَا، ثُمَّ مَا هُوَ أَقْرَبُ إلَى الْعِمَارَةِ وَأَعَمُّ لِلْمَصْلَحَةِ كَالْإِمَامِ لِلْمَسْجِدِ وَالْمُدَرِّسِ لِلْمَدْرَسَةِ يُصْرَفُ إلَيْهِمْ بِقَدْرِ كِفَايَتِهِمْ كَذَا فِي السِّرَاجِ وَالْبُسُطِ كَذَلِكَ إلَى آخِرِ الْمَصَالِحِ ۔)فتاوی عالمگیری،   جلد 2، صفحہ368، اسی طرح البحر الرائق، العقود الدریہ فی تنقیح الفتاوی الحامدیہ ، الاشباہ  والنظائر میں ہے  (

فتاوی رضویہ میں ہے۔

             اُجرت امامت اگر اس شخص سے قرار پاگئی ہے کہ فی جمعہ یا ماہوار یا سالانہ اس قدر دیں گے یا خاص اس سے قرار دیا نہ ہومگر اس امامت کی تنخواہ معیّن ہے اسے بھی معلوم تھی یہ اُسی کے لئے امام بنا اورامام بنانے والوں نے بھی جانا اورمقبول رکھا غرض صراحۃً یادلالۃً تعین اجرت ہو لیا تو یہ اُجرت اُسے حلال ہے اوراس وجہ سے اُس کے پیچھے نماز میں کچھ کراہت نہیں کہ امامت و اذان و تعلیم فقہ وتعلیمِ قرآن پراُجرت لینے کو ائمہ نے بضرورتِ زمانہ جائز قرار دیا ہے کما نصوا علیہ فی الکتب قاطعۃ  جیسا کہ اس پر کتب میں نصوص قاطعہ موجود ہیں۔اور جب تعیّن ہولیا تو اجارہ صحیحہ ہُوا جس میں کوئی مضائقہ نہیں۔)فتاوی رضویہ،  جلد6، صفحہ 640(

فتاوی نوریہ میں ہے۔ تکمیل مسجد کے بعد ضروریات مسجد میں سے امام اول نمبر میں ہے کیونکہ مسجد کی صرف ظاہری تعمیر کا کوئی اعتبار نہیں جب تک کہ اس کی معنوی   اور حقیقی تعمیر نہ ہو حتی کہ مسجد کے لئے روشنی پانی وغیرہ کے وسیع تر انتظام سے امام کی ضرورت مقدم ہے۔) فتاوی نوریہ، جلد1، صفحہ 184(

ردالمحتار میں ہے۔أنَّ الْمُفْتَى بِهِ مَذْهَبُ الْمُتَأَخِّرِينَ مِنْ جَوَازِ الِاسْتِئْجَارِ عَلَى تَعْلِيمِ الْقُرْآنِ وَالْإِمَامَةِ وَالْأَذَانِ لِلضَّرُورَةِ۔)ردالمحتار ، جلد1، صفحہ 562(

اسی طرح فتاوی رضویہ  جلد6 میں  بھی مذہب متاخرین کو ہی اختیار کیا گیا ہے۔

ھذا ماعندنا واللہ اعلم بالصواب                                  

شیر محمد خان مفتی دارالافتاء دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف
                                                                                محمد شعیب رکن دارالافتاء دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف

تاریخ: 2022۔07۔25

شیئر کریں:
ماخذ: آف لائن تحریری ریکارڈ