عام تلاش:

شان صدیق اکبر رضی اللہ عنہ

فلٹرز

صدیق اکبر رضی اللہ عنہ
Nov 14, 2026 23

صدیق اکبر رضی اللہ عنہ

 ضیاء القرآن میں سیدنا صدیقِ اکبر رضی اللہ عنہ کی عظمت و شان کا بیانشان صدیق اکبر رضی اللہ عنہ ضیاء القرآن کی روشنی میںمصنف نباض عصر مفکر اسلام حضرت ضیاء الامت پیر محمد کرم شاہ الازہری رحمۃ اللہ علیہحسب ارشاد: مفتی شیر محمد خان صاحب مفتی دارالافتاء دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریفمرتب: محمد شعیب رکن دارالافتاء دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریفارشادِ باری تعالیٰ ہے:وَإِنَّكَ لَعَلَى خُلُقٍ عَظِيمٍ۔(پارہ29، سورہ القلم، آیت 2)اور بےشک آپ عظیم الشان خلق کے مالک ہیںاس آیتِ کریمہ کی تفسیر میں ضیاءالامت جسٹس پیر محمد کرم شاہ الازہری رحمۃ اللّٰہ علیہ نے لکھا ہے:روح البیان میں علامہ اسماعیل حقی نے یہ حدیث نقل کی ہے ۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللّٰہ تعالیٰ کے نزدیک خلق کی تین سو ساٹھ صورتیں ہیں جس میں توحید کے ساتھ ان میں سے ایک صورت بھی پائی گئی وہ جنت میں داخل ہوگا۔ قال ابوبکر رضی اللّٰہ عنہ ھل فی منھا یا رسول اللہ! صدیق نے عرض کیا یارسول اللہ! ان میں سے کوئی چیز مجھ میں بھی پائی جاتی ہے؟ قال :کلھا فیک یا ابابکر واحبھا الی اللہ السخاء۔حضور نے فرمایا اے ابو بکر! تم میں حسن خلق کی سب کی سب صورتیں موجود ہیں اور ان میں سے اللّٰہ تعالیٰ کے نزدیک سخاوت بہت محبوب ہے۔(ضیاء القرآن جلد 5 صفحہ : 333)ایک اور مقام پر ارشاد فرمایا:يَاأَيَّتُهَا النَّفْسُ الْمُطْمَئِنَّةُ ارْجِعِي إِلَى رَبِّكِ رَاضِيَةً مَرْضِيَّةً فَادْخُلِي فِي عِبَادِي وَادْخُلِي جَنَّتِي۔(پارہ30، الفجر :27 تا 30)اے نفس مطمئن پس چلو اپنے رب کی طرف  اس حال میں کہ تو اسے راضی (اور) اور وہ تجھ سے راضی پس شامل ہوجاؤ میرے (خاص) بندوں میں اور داخل ہوجاؤ میری جنت میں۔ان آیات کی تفسیر میں جسٹس پیر محمد کرم شاہ الازہری رحمۃ اللّٰہ علیہ نے لکھا ہے:حضرت ابن عباس  رضی اللّٰہ عنہما سے مروی ہے کہ یہ آیت نازل ہوئی تو حضرت صدیق اکبر بارگاہ رسالت میں حاضر تھے، عرض کرنے لگے کہ یارسول اللہ ما احسن ھذا۔ اے اللہ کے رسول! یہ کتنی ہی اچھی بات ہے۔فقال اما انہ سیقال لک ھذا۔ حضور صلی اللّٰہ علیہ وسلّم نے فرمایا اے ابو بکر جب تم اس دنیا سے رخصت ہوگے تو تمہیں بھی یہ بشارت دی جائے گی (ابن کثیر ) (ایضا ص 562)وَسَيُجَنَّبُهَا الْأَتْقَى الَّذِي يُؤْتِي مَالَهُ يَتَزَكَّى وَمَا لِأَحَدٍ عِنْدَهُ مِنْ نِعْمَةٍ تُجْزَى إِلَّا ابْتِغَاءَ وَجْهِ رَبِّهِ الْأَعْلَى وَلَسَوْفَ يَرْضَى۔(الیل : 17 تا 21)اور دور رکھا جائے گا اس سے وہ نہایت پرہیزگار جو دیتا ہے اپنا مال اپنے (دل) کو پاک کرنے کے لیے اور اس پر کسی کا کوئی احسان نہیں جس کا بدلہ اسے دینا ہو بجز اس کے کہ وہ اپنے برتر پروردگار کی خوشنودی کا طلب گار ہےاور وہ ضرور اس سے خوش ہو گاان آیات کی تفسیر میں آپ نے لکھا ہے:اقلیم تقویٰ پارسائی کا یہ تاجدار اپنا مال جس دریادلی سے خرچ کررہا ہے وہ کسی کا احسان اتارنے کے لیے نہیں، کسی کی نیکی اور حسن سلوک کا معاوضہ ادا کرنے کے لیے نہیں، اس کی نیت ان تمام آلائشوں سے پاک ہے ، اس کے پیشِ نظر فقط ایک ہی مقصد ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے وہ اپنی متاع جان و دل تک قربان کرنے کے لیے بیتاب ہے ۔ وہ مقصد فقط اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی ہے۔حضور سرور عالم صلی اللّٰہ علیہ وسلّم کے حلقۂ عقیدت میں داخل ہونے والے سب انہی صفات سے متصف تھے اور ان کی اعلیٰ ترین مثال حضرت صدیق اکبر کے عمل میں ملتی ہے۔ ہجرت سے پہلے وہ اپنی دولت نو مسلم غلاموں اور کنیزوں کو ان کے کافر آقاؤں سے خرید کر آزاد کرنے میں صرف کرتے رہے۔ جب سفر ہجرت میں سید المرسلین کی ہمرکابی کا شرف حاصل ہوا تو گھر میں جتنا روپیہ تھا، ساتھ لے لیا۔ ہجرت کے بعد جہاد کے لیے جب بھی سرمائے کی ضرورت ہوئی تو اس میں سب سے بڑھ کر حصہ لیا۔ غزوۂ تبوک کے موقع پر اپنے گھر کا سارا اثاثہ اپنے محبوب کے قدموں میں لا کر ڈھیر کردیا ۔ جب حضور نے دریافت کی کی ابوبکر ! اپنے گھر میں بھی کچھ چھوڑ آئے ہو؟ تو عرض کیا آپ کا نام اور آپ کے پروردگار کا نام چھوڑ کر آیا ہوں۔ان آیات کے شان نزول کے بارے میں حضرت ابن عباس سے یہ قول مروی ہے کہ حضرت بلال رضی اللّٰہ عنہ نے اسلام قبول کرلیا تو ان کے مالک امیہ بن خلف نے ان کو طرح طرح سے ستانا شروع کردیا ۔ ایک روز وہ آپ کو اذیت دے رہا تھا۔ آپ پر غشی طاری تھی۔ اس وقت بھی آپ کی زبان پر احد احد جاری تھا۔ اس اثنا میں رحمت عالم صلی اللّٰہ علیہ وسلّم کا گزر ہوا ۔ فرمایا: احد ینجیک۔ جس احد کا نام تم لے رہے ہو وہی تمہیں اس ظلم سے نجات دے گا۔ حضور صلی اللّٰہ علیہ وسلّم نے صدیق اکبر سے بلال کی کیفیت بیان کی۔ راز دان نبوت حضور صلی اللّٰہ علیہ وسلّم کے مدعا کو فورا تاڑ گئے۔ اسی وقت گھر آئے اور نصف سیر سونا لے کر امیہ بن خلف کے پاس پہنچے اور کہا کیا تو بلال کو بیچنا چاہتا ہے؟ اس نے ہاں میں جواب دیا ۔ آپ نے منہ مانگی قیمت ادا کر کے انہیں خریدا اور آزاد کردیا ۔ اس وقت یہ آیتیں نازل ہوئیں۔آپ کے والد ابو قحافہ کو جب علم ہوا کہ ان کا بیٹا ابو بکر کمزور اور نحیف غلاموں اور باندیوں کو خرید کار آزاد کردیتا ہے تو انہوں نے کہا میرے بیٹے! تم ضعیف اور کمزور لوگوں کو آزاد کرتے ہو۔ اگر تم طاقتور اور بہادر غلاموں کو خرید کر آزاد کرتے ، وہ کسی مشکل کے وقت تمہارے کام آتے ۔ آپ نے فرمایا۔ ای ابت انما ارید ما عنداللہ ۔ (ابن کثیر) اباجان میرا اس سے مقصد صرف اللہ تعالیٰ کی رضا ہے۔یرضی کا فاعل اللّٰہ تعالیٰ اور صدیق اکبر دونوں ہوسکتے ہیں۔ اگر فاعل اللّٰہ تعالیٰ ہو تو جملہ کا مطلب ہوگا کہ اللّٰہ تعالیٰ ، ابوبکر پر راضی ہوجائے گا۔ جس کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے اس نے سب کچھ قربان کردیا ہے ، اس کی رضا اس کو حاصل ہوجائے گی۔اور اگر فاعل ابوبکر صدیق ہوں تو مطلب یہ ہوگا کہ اللّٰہ تعالیٰ اپنی نعمتوں کا وہ مینہ ابوبکر پر برسائے گا کہ ابوبکر اپنے رب کریم کے لطف وکرم اور جودوعطا کو دیکھ کر خوش ہوجائے گا۔(ایضا 581, 582)إِلَّا تَنْصُرُوهُ فَقَدْ نَصَرَهُ اللَّهُ إِذْ أَخْرَجَهُ الَّذِينَ كَفَرُوا ثَانِيَ اثْنَيْنِ إِذْ هُمَا فِي الْغَارِ إِذْ يَقُولُ لِصَاحِبِهِ لَا تَحْزَنْ إِنَّ اللَّهَ مَعَنَا فَأَنْزَلَ اللَّهُ سَكِينَتَهُ عَلَيْهِ وَأَيَّدَهُ بِجُنُودٍ لَمْ تَرَوْهَا وَجَعَلَ كَلِمَةَ الَّذِينَ كَفَرُوا السُّفْلَى وَكَلِمَةُ اللَّهِ هِيَ الْعُلْيَا وَاللَّهُ عَزِيزٌ حَكِيمٌ۔(پارہ10، سورہ التوبہ، آیت40)ترجمہ:۔ اگر تم مدد نہ کرو گے رسول کریم کی تو (کیا ہوا) ان کی مدد فرمائی ہے خود اللہ نے جب نکالا تھا ان کو کفار نے۔ آپ دوسرے تھے دو سے جب وہ دونوں غارِ (ثور) میں تھے جب وہ فرما رہے تھے اپنے رفیق کو کہ مت غم گین ہو یقیناً اللہ تعالیٰ ہمارے ساتھ ہے۔ پھر نازل کی اللہ نے اپنی تسکین ان پر اور مدد فرمائی ان کی ایسے لشکروں سے جنھیں تم نے نہ دیکھا اور کردیا کافروں کی بات کو سرنگوں اور اللہ کی بات ہی ہمیشہ سربلند ہے۔ اور اللہ تعالیٰ غالب ہے حکمت والا ہے۔ ۔اسی آیت کی تفسیر میں حضرت ضیاء الامت علیہ الرحمہ نے تفصیلی کلام فرمایا۔اس آیت پاک میں ہجرت کا واقعہ ذکر کرکے بتایا کہ اگر تم اس کے ہمراہ جہاد پر نہ گئے تو جس پروردگار نے اس نازک وقت میں اپنے حبیب کی اعانت فرمائی تھی وہ اب بھی اس کا ناصر اور معین ہے۔ ہجرت کا مختصر واقعہ یوں ہے کہ کفار نے اپنی مجلس شوری میں طے کرلیا کہ آج رات تمام قبیلوں کا ایک ایک جوان حضور کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے گھر کا محاصرہ کرے اور جب آپ باہر نکلنے لگیں تو سب یک بارگی حملہ کرکے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو شہید کردیں۔ اسی رات کو اللہ تعالی نے حکم دیا کہ اے حبیب (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ! صدیق (رضی اللہ عنہ ) کو ساتھ لو اور آج مکہ سے ہجرت کرکے مدینہ کو سدھا رو۔ وامرک ان تستصحب ابابکر (تفسیر حسن عسکری) حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے حضرت علی (رضی اللہ عنہ ) کو اپنے بستر پر سونے کا حکم دیا اور ارشاد فرمایا کہ کوئی تمہارا بال بھی بیکا نہ کرسکے گا۔ صبح لوگوں کی امانتیں جو ہمارے پاس ہیں ان کو پہنچا دینا اور پھر تم بھی مدینہ کا قصد کرنا۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) باہر نکلے تو کفار محاصرہ کیے ہوئے تھے۔ سورة یسین کی ابتدائی آیتیں وجعلنا من بین ایدیہم سدا الخ تک پڑھ کر ان پر دم کیا ان پر غنود گی کی کیفیت طاری ہوگئی اور حضور بخیروعافیت ان کے نرغہ سے نکل کر صدیق کے گھر کی طرف روانہ ہوگئے۔ ان کو ہمراہ لے کر مکہ سے نکلے اور کوہ ثور کے ایک غار میں آکر قیام فرمایا۔ اس کا منہ بہت تنگ تھا۔ صرف لیٹ کر ہی انسان اندر داخل ہوسکتا تھا۔ حضرت صدیق (رضی اللہ عنہ ) پہلے خود اندر گئے۔ غار کو تمام خس و خاشاک سے صاف کیا۔ جتنے سوراخ تھے ان کو بند کیا ایک سوراخ باقی رہ گیا اس میں اپنے پاؤں کی ایڑی رکھ دی اور عرض کی کہ حضور اندر قدم رنجہ فرمائیں۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) تشریف لائے۔ صدیق کے زانو پر سرمبارک رکھا اور استراحت فرما ہوگئے۔ صدیق (رضی اللہ عنہ ) کے بخت کی یاوری کا کیا کہنا بیتاب نگاہیں اور بیقرار دل اپنے محبوب کے روئے زیبا کے مشاہدہ میں مستغرق ہے نہ دل سیر ہوتا ہے اور نہ آنکھیں۔ وہ حسن سرمدی وہ جمال حقیقی جس کی دل آویزوں نے چشم فطرت کی تصویر حیرت بنا دیا تھا۔ آج صدیق کے آغوش میں جلوہ فرما ہے۔ اے بخت صدیق کی رفعتو ! تم پر یہ خاک پریشان قربان اور یہ قلب حزیں نثار ! اسی اثناء میں حضرت صدیق (رضی اللہ عنہ ) کی ایڑی میں سانپ نے ڈس دیا۔ زہر سارے جسم میں سرایت کر گیا لیکن کیا مجال کہ پاؤں میں جنبش تک ہوئی ہو۔ حضور بیدار ہوئے، اپنے یارغار کی آنکھوں میں آنسو دیکھ کر وجہ دریافت فرمائی۔ پھر جہاں سانپ نے ڈسا تھا وہاں اپنا لعاب دہن لگایا جس سے دود اور تکلیف کا فور ہوگئی۔ اہل مکہ تلاش میں ادھر ادھر مارے مارے پھر رہے تھے۔ ایک ماہر کھوجی کے ہمراہ پاؤں کے نشان دیکھتے دیکھتے اس غار کے دہانے تک پہنچ گئے۔ جب قدموں کی آہٹ سنائی دی تو حضرت بےچین ہوگئے اور عرض کی یا رسول اللہ ! اگر انہوں نے جھک کر دیکھا تو یہ ہمیں پالیں گے۔ حضور رحمت عالیان (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا : یا ابابکر ما ظنک باثنین اللہ ثالثھما۔ اے ابوبکر ! ان دو کی نسبت تمہارا کیا خیال ہے جن کا تیسرا اللہ تعالی ہو۔ نبی کی قوت یقین ملاحظہ ہو۔ یہ ہے توکل علی اللہ کا وہ مقام جو شان رسالت کے شایاں ہے اس وقت اللہ تعالی نے اطمینان و تسکین کی ایک مخصوص کیفیت اپنے حبیب مکرم پر نازل فرمائی اور حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے صدقے حضرت ابوبکر (رضی اللہ عنہ ) پر بھی اس کا وردو ہوا۔ جس سے ان کی ہر طرح کی پریشانی دور ہوگئی۔ حضور تین دن تک وہاں قیام فرما رہے۔ حضرت اسماء (رضی اللہ عنہ ) حضرت صدیق (رضی اللہ عنہ ) کی بڑی صاحبزادی آکر کھانا پہنچا جاتیں۔ آپ کے صاحبزادے ہر روز کی نئی خبریں دے جاتے اور آپ کا چرواہا عامر بن فہیرہ رات کو ریوڑ لے آتا اور تازہ دودھ پیش کرتا۔ حضرت صدیق (رضی اللہ عنہ ) کے کینہ کا ہر فرد بلکہ غلام تک اتنے مخلص اور قابل اعتماد تھے کہ کسی نے راز کو افشاء نہ کیا اور گراں قدر انعام کا لالچ ان کے غلام کے دل کو بھی نہ للچا سکا۔ کفار مکہ نے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو شہید کرنے کی جو سازش کی تھی اس طرح ناکام ہوئی اور اللہ کی بات جو ہمیشہ بلند رہتی ہے اس موقع پر بھی بلند ہوگئی۔سطور بالا کے مطالعہ کے بعد اس آیت کی تشریح کے لیے مزید کسی وضاحت کی ضرورت نہیں۔ ایک طالب حق کے لیے اس آیت کا ہر کلمہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی عظمت و رفعت کا آئینہ دار ہے اور حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے یار غار کے لازوال صدق اور بیمثال وفا کا شاہد عادل ہے لیکن ستیاناس ہو تعصب اور ہٹ دھرمی کا کہ یہ دل سے خلوص، عقل سے فہم، زبان سے اعتراف حق اور قلم اظہار صداقت کی جرأت سلب کرلیتی ہے اور انسان علم و دانش کے بلند بانگ دعو وں کے باوجود ایسی بہکی بہکی باتیں کرنے لگتا ہے کہ سننے والے مارے شرم کے پانی پانی ہوجاتے ہیں۔ اس آیت کی تفسیر بلکہ تحریف کرتے ہوئے بعض شیعہ علماء نے جو کچھ لکھا ہے وہ اس کی ایک دردناک مثال ہے مناسب تو یہ تھا کہ ضیاء القرآن کے صفحات ایسے بےمعنی مباحث سے پاک رہتے لیکن محبت اہل بیت کی آڑ میں قصر اسلام کو منہدم کرنے کی جو ناپاک کوششیں ہو رہی ہیں ان کا تقاضا ہے کہ ان باتوں کو بھی زیر بحث لایا جائے تاکہ سادہ لوح عوام کسی غلط فہمی کا شکار ہو کر متاع ایمان کو گم نہ کر بیٹھیں۔ واللہ ولی التوفیق۔بعض شیعہ مصنفین نے حضرت صدیق اکبر (رضی اللہ عنہ ) کی شخصیت کو داغدار کرنے کے جنون میں آیت طیبہ پر اس طرح طبع آزمائی کی ہے کہ دل لرز اٹھتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ حضرت صدیق (رضی اللہ عنہ ) کی فضیلت کو ثابت کرنے کے لیے تم اس آیت طیبہ کو پیش کرتے ہو اور کہتے ہو کہ آپ کو سفر ہجرت میں رفاقت کی سعادت حاصل ہوئی لیکن تمہارا یہ قول بےبنیاد ہے۔ اگر اللہ تعالی کے حکم سے ابوبکر (رضی اللہ عنہ ) نے رفاقت کی ہوتی تو اسے وجہ شرف کہا جاسکتا لیکن یہ تو ازخود ساتھ ہو لیے تھے اور حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اس لیے ان کے ساتھ چلنے سے نہیں روکا کہ مبادا وہ کفار کو مطلع کریں اور اس طرح گرفتار کرا دیں۔جب اللہ تعالی کی توفیق ساتھ چھوڑ دیتی ہے تو انسان ایسی ہی بےسروپا باتیں کرنے لگتا ہے کہ مکہ مکرمہ سے ہجرت کا پروگرام بڑی رازداری سے طے پایا۔ جب کفار قبائل کے نوجوان حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے کاشانہ اقدس کا محاصرہ کیے ہوئے تھے تو حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اللہ تعالی کی حفاظت میں ان کی آنکھوں میں خاک ڈالتے ہوئے تشریف لے گئے۔ اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ اس راز سے حضرت ابوبکر (رضی اللہ عنہ ) کو کس نے آگاہ کیا، یا حضور نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے آگاہ کیا ہوگا اور یا علی مرتضی (رضی اللہ عنہ ) نے اگر حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے آگاہ فرمایا تو اس کا صاف مطلب یہ ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو حضرت صدیق (رضی اللہ عنہ ) پر کامل اعتماد تھا ورنہ اپنے دشمن کو ایسے رازوں سے آگاہ کرنا قطعا قرین دانشمندی نہیں۔ اور اگر حضرت علی (رضی اللہ عنہ ) نے آگاہ کیا تو ماننا پڑیگا کہ آپ کو بھی حضرت صدیق (رضی اللہ عنہ ) کے صدق و وفا پر پورا بھروسا تھا۔ اس لیے آگاہ کیا اور اگر ان کو منافق سمجھتے ہوئے (العیاذ باللہ) آگاہ کیا تو پھر حضرت علی (رضی اللہ عنہ ) کی وفاداری بھی مشکوک ہوجاتی ہے۔ یعنی آپ نے اس راز کو افشاء کرکے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) میں مبتلا کرنے کا آغاز کردیا اور اس لایعنی بات کو کوئی ایماندار قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔ اس سے ثابت ہوا کہ صدیق کا ایمان وہ ایمان ہے جس پر خدا کو، رسول خدا کو اور شیر خدا کو مکمل اعتماد ہے۔ اسی لیے ان کو اس راز سے آگاہ بھی کیا گیا اور شریک سفر ہونے کی سعادت بھی ارزانی فرمائی گئی۔ جب حضرت صدیق (رضی اللہ عنہ ) کے ایمان کی گواہی علیم بذات الصدور خدا نے دی اور نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے دی اور علی مرتضی (رضی اللہ عنہ ) نے تصدیق کی، اگر آج کا بےعمل مسلمان صدیق اکبر (رضی اللہ عنہ ) پر زبان طعن دراز کرنے کی جرأت کرتا ہے تو وہ اپنا ہی کچھ بگاڑتا ہے، صدیق اکبر (رضی اللہ عنہ ) کی شان میں کمی نہیں ہوسکتی۔ خود اس فرقہ کے علماء نے ان کے اس زعم باطل کی تردید کی ہے۔ چند حوالے ملاحظہ فرمائیے :علامہ فتح اللہ کا شانی اپنی تفسیر منہج الصادقین میں اس آیت کی تفسیر کرتے ہوئے رقمطراز ہیں :۔پس پیغمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) شب پنجشنبہ درشہر مکہ امیر المؤمنین رابر جائے خود میخوا بانید، وخود ازخانہ ابوبکر ورفاقت او بیرون آمدہ بداں غار توجہ نمود “۔ترجمہ : رسول کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے پنجشنبہ کی رات کو مکہ مکرمہ میں امیر المومنین کو اپنی جگہ پر سونے کا حکم دیا اور خود ابوبکر کے گھر تشریف لے گئے اور انہیں ہمراہ لے کر باہر آئے اور اس غار کا قصد فرمایا۔مصنف حملہ حیدری، علامہ باذل نے واقعہ ہجرت کے بارے میں جو لکھا ہے وہ درج ذیل ہے۔ شاید ان دوستوں کے لیے سرمہ چشم بصیرت کا کام دے۔چنین گفت راوی کہ سالار دیں چوں سالم بحفظ جہاں آفریںزنزدیک آں قوم پر مکر رفت بسوئے سرائے ابوبکر رفتراوی کہتا ہے کہ دین کے سالار اللہ تعالی کی حفاظت میں اس مکار قوم کے محاصرے سے باہر نکلے اور حضرت ابوبکر (رضی اللہ عنہ ) کے گھر کی طرف تشریف لے گئے۔پئے ہجرت او نیز آمادہ بود کہ سابقہ رسولش خبردادہ بودحضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے انہیں سفر ہجرت کی خبر دے دی تھی اس لیے وہ سازوسامان کے ساتھ تیار بیٹھے تھے۔نبی بر درخانہ اش چوں رسید بگوش ندائے سفر درکشیدنبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) جب ان کے گھر پہنچے تو انہوں نے سفر کرنے کی ندا سنی۔چوں بوبکر ازاں حال آگاہ شد زخانہ بروں رفت و ہمراہ شدگحضرت ابوبکر (رضی اللہ عنہ ) جب اس حال سے خبردار ہوئے تو اپنے گھر سے روانہ ہو کر حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ہمراہ ہوگئے۔ان دونوں حوالوں سے یہ واضح ہوگیا کہ نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے خود حضرت صدیق (رضی اللہ عنہ ) کو اپنے ہجرت کے ارادہ سے آگاہ کردیا تھا اور انہیں بھی حکم دیا ہوا تھا کہ وہ بھی اس سفر میں ہمرکاب ہونے کے لیے تیار ہیں۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کفار کے محاصرہ سے بخیریت نکل کر سیدھے حضرت صدیق (رضی اللہ عنہ ) کے گھر آئے اور انہیں ہمراہ لے کر مکہ سے مدینہ طیبہ کی طرف روانہ ہوئے۔آخر میں حضرت امام حسن عسکری کی روایت پیش خدمت ہے امید ہے آپ کے اس ارشاد سے اس تاویل باطل کا طلسم ٹوٹ کر رہ جائے گا۔تفسیر حسن عسکری میں مروی ہے کہ جب کفار نے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تو جبرئیل حاضر خدمت ہوئے۔ اللہ تعالی کا سلام پہنچایا۔ کفار کی ریشہ دوانیوں کی اطلاع دی اور پیغام الہی بھی گوش گزار کیا وامرک ان تستصحب ابابکر۔ اللہ تعالی نے آپ کو حکم دیا ہے کہ اس پر خط سفر میں ابوبکر (رضی اللہ عنہ ) کو اپنے ہمراہ لے جائیں۔کیا اب بھی آپ قاضی نور اللہ شوستری کی بات مانیں گے یا گیا رھویں امام حضرت امام حسن عسکری کے ارشاد کو تسلیم کریں گے۔معترضین کی کج ادائی کے کرشمے اسی پر ختم نہیں ہوتے بلکہ ایک قدم آگے بڑھاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ مان لیا ابوبکر کو حضور ساتھ لے گئے تھے اور انہوں نے راستے کی صعوبتیں بھی برداشت کیں لیکن ہمارے پاس کوئی ایسی دلیل نہیں جس سے یہ ثابت ہو کہ ان کی نیت بھی خالص تھی اور جب تک خاص نیت نہ ہو کوئی بڑے سے بڑا عمل بھی مقبول نہیں ہوتا اس لیے حضرت ابوبکر (رضی اللہ عنہ ) کا سفر ہجرت میں ہمرکاب ہونا ان کے لیے ہرگز باعث فضیلت نہیں۔یا سبحان اللہ ! اس ندرت فکر کی بلائیں لینے کو جی چاہتا ہے۔دوپہر کے وقت اگر کوئی شخص طلوع آفتاب کی دلیل طلب کرے تو اس میں اتنا اچنبھا نہیں جتنا ہمارے ان دوستوں کے اس ارشاد میں ہے۔ وہ۔ شخص جو ایک کامیاب تاجر ہے جس کے پاس مال و ثروت کی فراوانی ہے جسے ہر قسم کی عزت و آسائش میسر ہے، بچے ہیں، بچیاں ہیں، وہ ان سب چیزوں کو ٹھکرا کر ایک ایسی ہستی کا ساتھ دیتا ہے جس کو شہید کرنے کے منصوبے بن چکے ہیں۔ عرب کا بچہ بچہ اس کے خون کا پیاسا ہے، خطرات کے مہیب بادل ہر طرف سے بڑھتے چلے آرہے ہیں جو شخص ان سنگین حالات میں جان ہتھیلی پر رکھ پر اللہ تعالی کے محبوب کی سنگت اختیار کرتا ہے اس کے خلوص نیت پر شک کرنے سے انسان کو شرم آنی چاہیے۔مزید برآں ار میں تین چار روز قیام رہتا ہے اس عرصہ میں حضرت ابوبکر (رضی اللہ عنہ ) کا بیٹا عبد اللہ ہر روز سرشام حاضر ہوتا ہے اور اہل مکہ کے ارادوں سے آگاہ کرتا ہے ان کی صاحبزادی اسماء ہر روز کھانا لے کر آتی ہیں ان کا لام عامر بن فہیرہ دن بھر ریوڑ چراتا ہے شام کے وقت اسے ہانکتا ہوا غار کے قریب آکر ڈیرا جماتا ہے۔ دودھ دوہتا ہے اسے گرم کرتا ہے اور خدمت اقدس میں پیش کرتا ہے ابوبکر کا سارا خانوادہ اس جاں نثاری اور خدمت گزاری کا مظاہرہ اس وقت کر رہا ہے جب مکہ والوں نے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو زندہ پکڑ لانے یا شہید کردینے کے لیے ایک سو سرخ اونٹوں کے انعام کا اعلان کردیا ہے۔ عرب کے کئی طالع آزما شہسوار اس انعام کے لالچ میں اپنے سبک رفتار گھوڑوں پر سوار ہو کر حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی تلاش میں اس علاقہ کے چپہ چپہ کو چھان رہے ہیں ادھر یہ خاندان ہے جس کا صرف ایک فرد نہیں بلکہ تمام افراد بچے، بچیاں، حتی کہ زرخرید غلام سب کے دل میں ایک ہی سودا ہے کہ اللہ تعالی کا حبیب اور ان کا محبوب بخیر و عافیت منزل مقصود پر پہنچ جائے۔ انسانیت اور اس کی اخلاقی قدروں پر اس سے بڑا ظلم اور کیا ہوسکتا ہے کہ ایسے شخص کی حسن نیت پر شک کیا جائے اور شک کرنے والے ایسے لوگ ہوں جنہیں راہ حق میں کبھی کانٹا تک چبھنے کی سعادت بھی نصیب نہ ہوتی ہو۔پھر کہتے ہیں کہ لغت عرب میں صاحب کا معنی ہے ساتھی، رفیق، ہمنشین۔ اس لفظ میں شرف و فضیلت کی کوئی وجہ نہیں۔ ایک کافر ایک مومن کا، ایک فاسق ایک پارسا کا ساتھی اور ہمنشین ہوسکتا ہے جیسے اس آیت میں ہے : وقال لصاحبہ وھو یحاورہ کفرت بالذی خلقک من تراب۔ (١٨: ٣٨) یعنی ” جب اس نے اپنے صاحب (ساتھی) کو کہا جب وہ اس سے گفتگو کر رہا تھا کیا تم اس خدا کا انکار کرتے ہو جس نے تجھے مٹی سے پیدا کیا “۔اس آیت میں صاحب کا لفظ ہے اور اس سے مراد کافر ہے۔سورة یوسف میں یصاحبی السجن، ” اے قید خانہ کے دو ساتھیو “۔ (١٢: ٤٢)اور وہ دونوں بھی کافر تھے بلکہ اہل عرب تو حیوان کو بھی انسان کا صاحب (ساتھی) کہہ دیا کرتے۔ان الحمار مع الحمار مطیۃ واذا خلوت بہ فبئس الصاحباگر ان دوستوں کی یہ بات تسلیم کرلی جائے تو پھر صرف ” صاحب “ کا لفظ ہی نہیں بلکہ بہت سے الفاظ اپنی عظمت و شرف سے محروم ہوجائیں گے۔ ایمان کے لفظ کو ہی لیجئے اس کا معنی تصدیق کرنا ہے۔ یہ تصدیق اللہ تعالی کی توحید کی بھی ہوسکتی ہے اور طاغوت و جبت کی بھی آیت ملاحظہ ہو :الم تر الی الذین اوتوا نصیبا من الکتاب یؤمنون بالجبت والطاغوت (٤: ٥١)ترجمہ : ” کیا نہیں دیکھا تم نے ان لوگوں کی طرف جنہیں دیا گیا حصہ کتاب سے (وہ اب) ایمان لائے ہیں جبت اور طاغوت پر “اسی طرح ہجرت کا لغوی معنی ہے کسی شہر کو چھوڑ کر دوسرے شہر میں چلے جانا یہ ترک وطن اللہ تعالی اور اس کے محبوب کی رضا کے لیے بھی ہوسکتا ہے اور کسی دنیوی منفعت کے لیے، کسی عورت سے شادی رجانے کے لیے بھی ہوسکتا ہے۔ اسی طرح عبادت اللہ تعالی کی بھی ہوسکتی ہے اور معبود ان باطل کی بھی۔ ” ویعبدون من دون اللہ مالا یضرھم ولا ینفعہم “۔ ” وہ اللہ کو چھوڑ کر ایسے معبودوں کی پوجا کرتے ہیں جو نہ ضرر پہنچا سکتے ہیں اور نہ نفع “۔اگر وہ صاحب، اپنے لغوی معنی کے اعتبار سے باعث شرف نہیں تو پھر، ایمان، ہجرت، عبادت اور دیگر اسلامی مصطلحات بھی شرف و فضیلت سے بےبہرہ ہوں گے اور کسی کو مومن، مہاجر، عابد کہنے سے اس کی قطعا عزت افزائی نہیں ہوگی۔ درحقیقت ان الفاظ میں عزت و شرف ان کے لغوی معنوں کے اعتبار سے نہیں بلکہ ان کے متعلقات سے ہے۔ ایمان جب اللہ تعالی اور اس کے رسول پر ہوگا۔ ہجرت جب اللہ تعالی اور اس کے رسول کے لیے ہوگی۔ عبادت جب اللہ تعالی کی ہوگی تو یہ کلمات معزز و ذیشان ہوں گے اسی طرح صاحب کے لفظ میں فضیلت نہیں بلکہ جس کا وہ صاحب ہے یعنی سیدنا مولانا محمد رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی ذات ستودہ صفات اسی نسبت نے اس لفظ کو بھی چا رچاند لگا دیے ہیں اور جو صاحب کے لفظ کا مصداق ہے یعنی صدیق اکبر (رضی اللہ عنہ ) اس کو بھی وہ رفعتیں اور سرفرازیاں بخشی ہیں جن کے سامنے فلک الافلاک کی بلندیاں بھی ادب سے سرجھکائے ہوئے ہیں۔ازراہ انصاف آپ ہی بتائیے کہ کیا اللہ تعالی کے محبوب کی صحبت و معیت اور ایک کافر و فاسق کی صحبت و معیت یکساں ہے ؟ کوئی صاحب ایمان ایسا کہنے کی جرأت نہیں کرسکتا۔ نیز حضرت صدیق (رضی اللہ عنہ ) کی اس سنگت اور رفاقت کو جس انداز سے بیان کیا گیا ہے وہ بھی اپنے اندر ایک خصوصی شان رکھتی ہے۔ثانی اثنین کے دو لفظوں میں غور فرمائیے۔ اس قسم کے عدد کا ذکر لغت عرب میں دو طرح سے کیا جاتا ہے۔ کہتے ہیں ثانی اثنین، ثالث ثلاثہ، رابع اربعہ وغیرہا، یعنی دو میں سے دوسرا، تین میں سے تیسرا، چار میں سے چوتھا، اس صورت میں پہلا عدد دوسرے عدد کا جزو اور حصہ ہوتا ہے اور اس میں داخل ہوتا ہے۔ دوسری صورت یہ ہے کہ ثالث اثنین، رابع ثلاثہ، خامس اربعہ۔ یعنی دو کو تین بنانے والا، تین کو چار اور چار کو پانچ بنانے والا۔ اس صورت میں یہ عدد پہلے عدد میں داخل نہیں ہوتا۔ اب اسے اس میں داخل کیا جا رہا ہے پہلے صرف دو تھے۔ اس عدد کے اضافہ سے اب وہ تین ہوگئے۔ پہلے صرف تین تھے۔ بعد میں اضافہ ہوا، اب وہ تین چار بن گئے۔ اللہ تعالی نے یہاں ثانی اثنین فرمایا یعنی پہلے جو دو موجود تھے ان دونوں میں سے دوسرا، یہ یگانگت، یہ رفاقت، یہ صحبت خدا شاہد ہے حضرت صدیق اکبر (رضی اللہ عنہ ) کا ہی حصہ ہے۔ ان کلمات کے مفہوم کو خود زبان رسالت نے یوں بیان فرمایا ہے۔ اور اس کے بعد شاید کسی قسم کی ہر زہ سرائی کی گنجائش باقی نہیں رہتی۔اسی فرقہ کے ایک فاضل علامہ فتح اللہ کا شانی اپنی تفسیر منج الصادقین میں اس آیت کے ضمن میں لکھتے ہیں :۔” چوں ابوبکر درغار کفار رابدید، مضطرب شدو بسیار خائف گشت و گفت یارسول اللہ ! اگر کسے از مشرکان درزیر قدم خودنگہ ہر آئینہ مارا ببیند۔ حضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) فرمود وما ظنک یاثنین اللہ ثالثہما “۔ ترجمہ : جب ابوبکر (رضی اللہ عنہ ) نے غار سے کفار کو دیکھا تو انہیں بڑا اضطراب لاحق ہوا اور اندیشہ پیدا ہوا۔ عرض کی یا رسول اللہ ! اگر مشرکین میں سے کسی نے اپنے پاؤں کی جگہ دیکھا تو وہ ہمیں دیکھ لے گا۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا اے ابوبکر ! ان دو کے بارے میں تیرا کیا خیال ہے جن کے ساتھ تیسرا اللہ تعالی ہو “۔اس سے بڑی عزت افزائی کا تصور تک نہیں کیا جاسکتا۔ عیہ نصیب اللہ اکبر لوٹنے کی جائے ہےہمارے یہ کرم فرما لاتحزن کے لفظ سے حضرت صدیق (رضی اللہ عنہ ) پر الزامات و مطاعن کی بوچھاڑ شروع کردیتے ہیں آپ بھی سنیے اور ان کی روش بیداد کی دار دیجئے۔کہتے ہیں کہ ” یہ حزن جس سے حضرت ابوبکر (رضی اللہ عنہ ) کو منع کیا جا رہا ہے یہ طاعت تھا یا معصیت، طاعت تو ہو نہیں سکتا۔ ورنہ اس سے منع نہ کیا جاتا۔ اللہ اور اس کا رسول نیک کاموں سے نہیں روکا کرتے۔ لازما یہ حزن معصیت ہوگا۔ اس آیت سے ابوبکر (رضی اللہ عنہ ) کا عاصی اور گنہگار ہونا ثابت ہے نہ کہ آپ کی فضیلت۔جوابا عرض ہے کہ قرآن کریم میں متعدد مقامات پر اللہ تعالی نے اپنے انبیاء ورسل کو حزن اور خوف سے روکا ہے۔ موسی (علیہ السلام) کو فرمایا۔ لا تخف انک انت الاعلی۔ اے موسی خوف نہ کرو تم ہی سربلند ہوگے (٢٠: ٦٩)حضرت لوط کو فرشتوں نے کہا : لا تحزن انا منجوک واہلک۔ ” اے لوط ! حزن نہ کرو ہم تمہیں اور تمہارے اہل و عیال کو نجات دینے والے ہیں “۔خود سرور عالم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو فرمایا : لا یحزنک قولہم۔ ” اے حبیب ! کفار کی باتیں آپ کو حزین و غمگین نہ کریں “۔دوسری جگہ ارشاد ہے : قد نعلم انہ لیحزنک الزین یقولون ..... الآیہ۔ ” اے حبیب ! ہم خوب جانتے ہیں کہ آپ کو کفار کی باتیں غمزدہ کردیتی ہیں “۔کیا ہم ان محقیقن سے یہ دریافت کرسکتے ہیں کہ ان آیات کی روشنی میں انبیاء کرام بلکہ سید الانبیاء والرسل علیہ و (علیہ السلام) کے بارے میں ان کا فتوی کیا ہے۔ یہ خوف اور حزن جس سے انبیاء کو روکا جا رہا ہے طاعت تھا یا معصیت، طاعت تو ہو نہیں سکتا کیونکہ اللہ تعالی نیکی سے نہیں روکتا اور یہاں خوف و حزن سے روکا جا رہا ہے لازما معصیت ہوگا۔ اب فرمائیے انبیاء کرام کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ حزن اور خوف امور طبعیہ میں سے ہیں۔ بڑے سے بڑا آدمی بھی ان سے دو چار ہوتا رہتا ہے۔ اللہ تعالی اپنے مقبول بندوں کی دلجوئی لاتخف اور لا تحزن کہہ کر فرماتا ہے۔ نیز حضرت صدیق (رضی اللہ عنہ ) کو حزن و ملال اپنی ذات کے لیے ہرگز نہ تھا۔ اگر انہیں اپنی جان پیاری ہوتی اور اپنا آرام عزیز ہوتا تو وہ اس پر خطر سفر میں سنگت ہی نہ کرتے انہیں اگر کوئی غم تھا یا اگر کوئی حزن تھا، اگر کوئی اندیشہ تھا تو فقط یہ کہ ان کے ہادی و مرشد محمد رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو مبادا کوئی گزند پہنچے ورنہ یہ بزم عالم درہم برہم ہوجائے گی۔ گلشن ہستی میں خاک اڑنے لگے گی، عروس گیتی کا سہاگ لٹ جائے گا۔ ارض و سما کی یہ رونقیں، یہ روشنیاں، یہ بہاریں ہمیشہ کے لیے ناپید ہوجائیں گی۔ اپنے محبوب کو خطرے میں گھرا دیکھ کر صدیق (رضی اللہ عنہ ) کے حزن و ملال کی حد نہ رہی۔ حضور پرنور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے انہیں تسلی دیتے ہوئے فرمایا اے میرے یار باوفا ! غم نہ کر بیشک اللہ تعالی ہم دونوں کے ساتھ ہے جب ہمارے ساتھ ہمارا خدا ہے تو یہ کفار ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔” معنا “ کا لفظ بھی غور طلب ہے۔ معیت الہی کی کتنی قسمیں ہیں۔ ایک معیت علم ہے، یعنی اللہ تعالی ہر چیز کو جانتا ہے اور اپنے علم کے ذریعہ ہر چیز کے ساتھ ہے، جیسے اس آیت میں ہے :” الم تران اللہ یعلم ما فی السموت وما فی الارض وما یکون من نجوی ثلثۃ الا ھو رابعہم ولا خمسۃ الا ھو سادسھم ولا ادنی من ذالک ولا اکثر الا ھو معہم ایما کانوا “ (٥٨: ٨)ترجمہ : ” کیا تم نہیں دیکھتے کہ اللہ تعالی جانتا ہے جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے، کوئی تین آدمی مشورہ کرنے والے نہیں ہوتے جبکہ وہ ان کا چوتھا نہ ہو اور نہ پانچ مشورہ کرنے والے ہوتے ہیں جبکہ وہ ان کا چھٹا نہ ہو اور نہ اس تعداد سے کم ہوتے ہیں نہ زیادہ، وہ ہر صورت میں ان کے ساتھ ہوتا ہے خواہ وہ کہیں بھی مشورہ کر رہے ہوں “۔اس آیت سے معلوم ہوا کہ اللہ تعالی ہر شخص کے ساتھ ہوتا ہے ایسی معیت میں کوئی فضیلت نہیں بلکہ اس میں تہدید اور سرزنش ہے خبردار اگر تم نگے نافرمانی کی تو ہماری گرفت سے تم بچ نہیں سکتے۔ معیت الہی کی دوسری قسم وہ ہے جو متقین اور محسنین کو حاصل ہوتی ہے ارشاد باری ہے :۔ ” ان اللہ مع الذین اتقوا و الذین ہم محسنون “ ترجمہ : ” بیشک اللہ تعالی ان لوگوں کے ساتھ ہے جو متقی ہیں اور ان کے ساتھ ہے جو نیکوکار ہیں “۔اس معیت کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ اللہ تعالی اپنی توفیق سے ان کی دستگیری کرتا رہتا ہے اور اپنے لطف سے ان کو نوازتا رہتا ہے۔معیت الہی کی تیسری قسم وہ ہے جو انبیاء و رسل کو میسر ہوتی ہے۔ اللہ تعالی ہر دشمن کے مقابلہ میں ان کی تائید و نصرت فرماتا ہے۔ ہر میدان میں وہ کامیاب و سرفراز ہوتے ہیں اور کفر و باطل کے سرغنے ذلیل و رسوا ہوتے ہیں اور ان تمام اقسام سے اعلی وارفع معیت الہی کی وہ قسم ہے جو سیدالانبیاء والرسل (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے لیے مخصوص ہے۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اپنے یار وفادار کو ان اللہ معنا فرما کر اسی خصوصی معیت میں شرکت کی سعادت ارزانی فرمائی۔فداک انی دامی یا رسول اللہ ما اکرمک وما اجودک وجزاک اللہ عنا وعن سائر المومنین یا ابا بکر ما اوفاک وما اسعد حظک۔ایک روز نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے شاعر دربار نبوت حضرت حسان سے پوچھا کہ اسے حسان ! کیا تم نے شان صدیق (رضی اللہ عنہ ) میں بھی کچھ اشعار کہے ہیں ؟ انہوں نے عرض کی ہاں یا رسول اللہ ! میں نے آپ کے یارغار کی مدحت سرانی بھی کی ہے۔ فرمایا سناؤ میں سننا چاہتا ہوں۔ حسان نے عرض کیا فوثانی اشنین فی الغار المنیف وقد طاف العدو بہ اذ صعد الجبلا” آپ دو میں سے دوسرے تھے اس بابرکت غار میں اور دشمن نے اس کے اردگردچکر لایا جب وہ پہاڑ پر چڑھا “۔کان حب رسول اللہ قد علموا من البریۃ لم یعدل بہ الرجلا” ابوبکر (رضی اللہ عنہ ) اللہ تعالی کے رسول کے محبوب تھے اور لوگوں کو اس بات کا علم تھا کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ساری مخلوق میں سے کسی کو آپ کا ہم پلہ نہیں سمجھتے “۔حسان کے یہ شعر سن کر حضور ہنس پڑے۔ فرمایا اے حسان تم نے سچ کہا ہے۔ ابوبکر (رضی اللہ عنہ ) ایسے ہی ہیں۔ (ابن عساکر، ابن زہری عن انس)اللہ تعالی راہ حق پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور شمع جمال مصطفوی کے پروانوں کی عزت و احترام اور پیروی کی سعادت سے بہرہ اندوز کرے۔ آمین بجاہ طہ و یس (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ۔(تفسیر ضیاء القرآن، پارہ 10، سورہ التوبہ،زیر آیت 40)تاریخ: 2023۔01۔11

شان صدیق اکبر رضی اللہ عنہ
مکمل فتویٰ