باغ فدک
صدیقِ اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور باغِ فدکبِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِہمارے بعض دوست بڑے طمطراق سے یہ کہتے ہیں کہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے حضرت سیدۃ النساء فاطمۃ الزہراء رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے باغِ فدک چھین لیا، ان پر ظلم کیا، ان کی دل آزاری کی، اورحضرت عمر رضی اللہ عنہ بھی اس کام میں آپ کے ہم نوا اور مؤید تھے وغیرہ وغیرہ۔ اس موقع پر جس طرح شائستگی اور شرافت کی تمام حدود کو وہ پھاند جاتے ہیں، ان کے ذکر سے میں دانستہ احتراز کرتا ہوں۔میرے پیشِ نظر مسئلہ کو الجھانا نہیں، سلجھانا ہے۔ میں شکوک و شبہات کو ہوا دے کر ماحول کو غبار آلود نہیں کرنا چاہتا، حق و باطل میں امتیاز کرنا آپ کا کام ہے۔ سب سے پہلے میں یہ عرض کرنا چاہتا ہوں کہ فدک کیا ہے اور اس کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ اس کے بعد قدم بہ قدم سوئے منزل بڑھتے جائیں گے۔اہلِ اسلام کو جو مال و املاک کفار سے حاصل ہوتی ہیں، ان کی دو قسمیں ہیں:1. غنیمت2. فے (فئی)غنیمت اس کو کہتے ہیں جو لڑائی اور لشکر کشی کے بعد حاصل ہو، اور مالِ فے اس کو کہتے ہیں جو لشکر کشی کے بغیر حاصل ہو۔ مالِ غنیمت اور مالِ فے کی یہ تعریف متفقہ ہے، اس میں کسی کا اختلاف نہیں۔ دونوں قسم کے اموال کا شرعی حکم قرآنِ کریم میں وضاحت سے مذکور ہے، اس کے لیے ہمیں پریشان ہونے اور ورق گردانی کرنے کی چنداں ضرورت نہیں۔دسویں پارے کی پہلی آیت میں اموالِ غنیمت کے احکام صراحتاً ذکر کر دیے گئے ہیں۔ ارشادِ خداوندی ہے:وَاعْلَمُوْا اَنَّمَا غَنِمْتُمْ مِّنْ شَيْءٍ فَاَنَّ لِلّٰهِ خُمُسَهٗ وَ لِلرَّسُوْلِ وَلِذِي الْقُرْبٰى وَالْيَتٰمٰى وَالْمَسٰكِيْنِ وَابْنِ السَّبِيْلِ اِنْ كُنْتُمْ اٰمَنْتُمْ بِاللّٰهِ وَمَا اَنْزَلْنَا عَلٰى عَبْدِنَا (الآیۃ) — (سورۃ الانفال: 41)ترجمہ: "اور جان لو کہ جو کوئی چیز تم غنیمت میں حاصل کرو، اس کا پانچواں حصہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کے لیے، رشتہ داروں اور یتیموں، مسکینوں اور مسافروں کے لیے ہے، اگر تم ایمان رکھتے ہو اللہ تعالیٰ پر اور اس پر جسے ہم نے اتارا اپنے محبوب بندے پر۔"اس آیت میں غور کرنے سے واضح ہو گیا کہ مالِ غنیمت کے پانچ حصے کیے جائیں گے؛ چار حصے حسبِ الحکم مجاہدوں اور غازیوں میں تقسیم کیے جائیں گے اور پانچویں حصے کے مصارف اس آیت میں کھول کر ذکر کر دیے گئے ہیں۔ مالِ فے کے احکام سورہ حشر کی آیت نمبر 7 میں ذکر کیے گئے ہیں۔ ارشادِ خداوندی ہے:مَا اَفَاءَ اللّٰهُ عَلٰى رَسُوْلِهٖ مِنْ اَهْلِ الْقُرٰى فَلِلّٰهِ وَ لِلرَّسُوْلِ وَ لِذِي الْقُرْبٰى وَالْيَتٰمٰى وَالْمَسٰكِيْنِ وَابْنِ السَّبِيْلِ كَيْ لَا يَكُوْنَ دُوْلَةً بَيْنَ الْاَغْنِيَاءِ مِنْكُمْ۔— (سورۃ الحشر: 7)اس سے واضح ہو گیا کہ جو اموالِ فے ہوں، ان میں اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کا حصہ ہے، حضور کے رشتہ داروں کا، امت کے یتیموں، مسکینوں اور مسافروں کا۔ اموالِ فے میں ان تمام لوگوں کو حصہ دار بنانے کی حکمت ساتھ ہی بیان فرما دی تاکہ مال چند اغنیاء میں ہی گردش نہ کرتا رہے اور سمٹ کر چند افراد کے ہاتھوں میں جمع نہ ہو جائے، بلکہ اس کی گردش کا دائرہ زیادہ سے زیادہ وسیع ہو تاکہ دولت کی تقسیم سے ملت کے زیادہ سے زیادہ افراد مستفید ہوتے رہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ كَيْ لَا يَكُوْنَ دُوْلَةً بَيْنَ الْاَغْنِيَاءِ کے مختصر جملے میں اسلامی نظامِ معیشت کی روح اور اس کا خلاصہ بیان کر دیا گیا ہے۔سرمایہ دارانہ معیشت میں دولت سمٹ کر چند افراد کے پاس جمع ہو جاتی ہے۔ ملک کے مٹھی بھر لوگ ازحد متمول ہو جاتے ہیں اور قوم کے باقی افراد عسرت و تنگدستی کا شکار بن جاتے ہیں۔ اسلام نے سرمایہ داری کی بیخ کنی کر دی اور اسلامی معاشرے کا مزاج اس طرح تیار کیا کہ وہاں سرمایہ داری پنپ ہی نہ سکے۔ دولت کو چند ہاتھوں میں مجتمع ہونے سے روکنے کے لیے قبل از وقت احتیاطی تدابیر اختیار کیں اور حفاظتی بند باندھ دیے۔ اس طرح نہ دولت سمٹے گی اور نہ قوم ازحد امیر اور ازحد غریب طبقوں میں بٹے گی، نہ ان میں حسد و تباغض کی آگ سلگے گی اور نہ وہ وقت آئے گا کہ غربت کے ماروں کا پیمانہ صبر چھلکنے لگے اور وہ بے اختیار و بے قابو ہو کر آمادہ بغاوت ہو جائیں اور اپنے ہاتھوں اپنی قوم کے خون کے دریا بہا دیں۔غنیمت اور فے کا مفہوم اور ان کے قرآنی احکام ذہن نشین کرنے کے بعد آگے چلتے ہیں۔اہلِ سنت و جماعت کا نظریہ یہ ہے کہ کیونکہ اموالِ فے کے حقدار بہت سی اقسام کے لوگ ہیں، ان کو متعین کرنا ممکن نہیں۔ آج ایک لڑکا یتیم ہے، کل وہ بالغ ہو کر خوشحال ہو جاتا ہے۔ آج ایک شخص مسکین ہے، کل وہ دولت مند بن جاتا ہے۔ جب تک پہلا یتیم تھا اور دوسرا مسکین تھا، وہ ان اموال میں حصہ دار تھے؛ کل ان کی جگہ دوسرے لوگ جو یتیمی اور غربت سے متصف ہوں گے، وہ حصہ دار بن جائیں گے۔ یہی حال ذوی القربیٰ کا ہے اور یہی حکم ابن السبیل کا ہے۔ جب صورتِ احوال ایسی ہو تو یہ اموال وقف کی سی حیثیت اختیار کر لیتے ہیں اور ان اموال و املاک کا نظم و نسق حاکمِ وقت یا اس کی طرف سے مقرر کردہ شخص کیا کرتا ہے۔ یہ خود ہی مسلمہ امر ہے کہ فدک جنگ اور لشکر کشی سے نہیں بلکہ صلح سے مسلمانوں کے تصرف میں آیا تھا اور آیت میں بیان کردہ حکم کے مطابق یہ کسی ایک شخص یا خاندان کی نجی ملکیت نہیں بلکہ اس میں مذکورہ بالا سارے اصناف حصہ دار ہیں، ورنہ دولت سمٹ کر چند ہاتھوں میں آ جائے گی۔ قرآن نے كَيْ لَا يَكُوْنَ دُوْلَةً بَيْنَ الْاَغْنِيَاءِ سے ارتکازِ زر سے بچنے کے لیے جو احکام نافذ کیے ہیں ان کی خلاف ورزی لازم آئے گی۔رحمتِ دو عالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم جب تک اس جہانِ فانی میں رونق افروز رہے، حضور اپنی نگرانی میں اس علاقہ کی آمدنی کو حقداروں میں تقسیم فرماتے رہے۔ اور حضور کی رحلت کے بعد جب حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ مسندِ خلافت پر متمکن ہوئے تو ان باغات اور مزروعہ اراضی کی نگہداشت اور اس کی آمدنی کی تقسیم آپ کے سپرد ہوئی۔ آپ اپنے عہدِ خلافت میں حسبِ ارشادِ خداوندی اور حسبِ سنتِ نبوی اس فریضہ کو سرانجام دیتے رہے اور یہ سلسلہ فاروقِ اعظم اور بعد میں آنے والے خلفائے راشدین کے زمانوں میں بھی اسی طرح جاری رہا اور اس طرح اسلامی نظامِ معیشت کی برکتوں اور سعادتوں سے اسلامی معاشرہ سیراب اور بہرہ مند ہوتا رہا۔ حضرت صدیقِ اکبر اور حضرت فاروقِ اعظم کا یہ عمل حقیقت میں ارشادِ خداوندی کی تعمیل تھی اور سنتِ نبوی کی صحیح معنوں میں اطاعت تھی، اور ان حضرات پر کسی قسم کا الزام یا اتہام وارد نہ ہو سکتا تھا، بلکہ وہ لائقِ صد تبریک و تحسین تھے کہ انھوں نے ہر قسم کے دباؤ کا مقابلہ کیا لیکن فرمانِ الٰہی اور سنتِ محمدی سے سرِ مو انحراف نہ کیا۔ ہاں، اگر وہ ایسا نہ کرتے تو وہ قابلِ سرزنش ہوتے، بلکہ اس وقت کا زندہ اور بیدار معاشرہ احکامِ الٰہی اور سنتِ نبوی کی اس خلاف ورزی کو ہرگز برداشت نہ کرتا۔ لیکن ہمارے ہاں تو گنگا الٹی بہہ رہی ہے؛ تنقید کے تیروں سے ان مردانِ پاک سرشت کو گھائل کیا جا رہا ہے جنہوں نے عہدِ وفا کو نبھایا اور راہِ حق پر استقامت و ثبات کے انمٹ اور درخشاں نقوش ثبت کیے۔ یہ تو ہوا اہلِ سنت کا موقف، نظری بھی اور عملی بھی۔اب رہے معترضین، تو ان کا عقیدہ شریفہ یہ ہے کہ فدک جو فے ہے یہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتی ملکیت تھی ۔ حضور کی رحلت کے بعد اس کی وارث صرف حضرت سیده تھیں اور شیخین نے ان کو فدک کی اراضی سے محروم کر کے حضور کی نور نظر اور لخت جگر پر بڑا ظلم کیا اور ان کی حق تلفی کی اب خود انصاف فرمائیے اگر ایسا ہوتا تو آیت یوں ہوتی :مَا أَفأ اللَّهُ عَلَى رَسُولِهِ مِن أَهْلِ الْقُرْىٰ فَهُوَ لِرَسُولِهِکہ ان گاؤں والوں سے جو مال فنی حاصل ہو اس کا مالک اس کا رسول ہے۔ بات ختم ہوجاتی اور کسی کوچوان و چرا کی مجال تک نہ رہتی ، لیکن قرآن کی آیت تو اس طرح وہاں نہیں وہاں تو وَلِلرَّسُولِ وَلِذِي الْقُرْبَى وَالْيَتَمَى والمساكين وَابْنِ السبیل کی لمبی چوڑی عبارت بھی موجود ہے۔یہ لوگ اپنے دل سے پوچھیں کہ یہ کلمات کیا قرآن کی آیت کا حصہ نہیں؟ اور کیا ان کلمات کا واضح مدعا نہیں جس میں کسی تاویل کی گنجائش نہیں یا یہ الفاظ صرف سنانے کے لیے اولوگوں کو مرعوب کرنے کے لیے ہیں عمل سے ان کا کوئی سرو کار نہیں ؟جب تک ہم قرآن کو اپنے خدا وند کریم کا کلام مانتے ہیں ہم اس آیت کا انکار نہیں کر سکتے اور اگر انکار نہیں کر سکتے تو پھر اس داستان سرائی کے لیے وجہ جواز کیا ہے ؟ یہ ایک سیدھی اور صاف بات ہے اس میں کوئی کجی نہیں کوئی زیغ نہیں کوئی پیچ نہیں ، یہ ایک روشن حقیقت ہے جو شک و شبہ سے بالا تر ہے پھر ہم آفتاب سے تابندہ تر حقیقت کا کیوں انکار کریں اور بے سروپا تاویلات اور من گھڑت مزعومات کی دلدل میں پھنس کر کیوں خود بھی قیامت کے روز شرمسار ہوں اور قرآن اسلام کی تعلیمات کو زک پہنچا کر باطل کو بلا وجہ غرآنے کا موقعہ دیں ۔ ۔لیکن جہاں کا بتنگڑ بنانا اور بال کی کھال اتار نا محبوب مشغلہ ہو وہاں حق کی سادگی اور پر کاری کو کون خاطر میں لاتا ہے بچی بات کو سننا کون گوارا کرتا ہے ! وہاں تو ایسی ایسی اپنے اور دور از کار تاویلوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے جو ختم ہونے میں نہیں آتا۔ اپنی غلطی کا اعتراف تو بڑے دل گردے کا کام ہے جن کے پیش نظر اپنی لیڈری کو چمکانا ہو، جس لغزش کے پیچھے دیرینہ جذبہ انتقام کی آگ سلگ رہی ہو وہاں عقل عیار ایسی الیسی اختراعیں کرتی ہے۔ حقائق اور حقوق کو پس پشت ڈال کر محض جذبات کو ابھارتی ہے اور اس کے لیے دروغ باقی میں کمال کا مظاہرہ کرتی ہے کہ اچھے بھلے سراب کو چشمہ آب حیواں سمجھنے لگتے ہیں۔ اگر ایک لمحہ کے لیے یہ مان بھی لیا جائے اگر چہ ایسا مان حکم خداوندی کی صریح نافرمانی ہے، کہ فدک حضور کی ملکیت تھا۔ اور وصال کے بعد ان املاک کی حیثیت ایسی تھی جو وارثوں میں بانٹ دی جاتی ہے تو پھر وراثت کا حق صرف حضرت سیدہ بتول سلام اللہ على ابیھا وعليها کو کیسے پہنچتا ہے اس میں سارے وارث حصہ دار ہوں گے۔ حضرت عباس ، امہات المومنین اور دیگر دوسرے ورثا بھی شریک ہوں گے۔ صرف حضرت سیدہ کو حصہ دار تسلیم کرنا اورباقی ورثا کو محرم کر دینا متعد آیات قرآنی کی صریح خلاف ورزی ہے اور ہم سیدہ بتول کے بارے میں اس کا تصور نہیں کر سکتے ۔جب ان لوگوں کے یہاں بھی قدم نہیں جمتے اور مقصود بر آنا دکھائی نہیں دیتا تو پھر یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنی حیاتِ طیبہ میں ہی فدک کی وسیع و عریض املاک اپنی بیٹی کو ہبہ کر دی تھیں اور انھوں نے اسے قبول کر لیا تھا، اس لیے فدک وغیرہ کی واحد حقدار حضرت سیدہ ہی تھیں۔ آپ غور فرمائیں کہ بارگاہِ رسالت میں یہ کتنی بڑی گستاخی ہے۔ اس کا مطلب تو یہ ہوا کہ معاذ اللہ حضور نے باقی تمام وارثوں کو محروم کرنے کے لیے فدک اپنی حیاتِ طیبہ میں ہی حضرت سیدہ کو دے دیا اور دوسرے ورثاء کو محروم کر دیا۔ اس گئے گزرے زمانے میں بھی اگر کوئی شخص ایسی بات کرتا ہے کہ اپنے ایک وارث کے نام ساری جائیداد کا انتقال کرا دیتا ہے اور باقی وارثوں کو محروم کر دیتا ہے، تو اس کے اس عمل کو انتہائی ظلم اور صریح زیادتی قرار دیا جاتا ہے اور اس کی اس بات سے سارے خاندان کا امن و سکون برباد ہو جاتا ہے، ان میں خونریزیوں اور مقدمہ بازیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ ذرا سوچیے، وہ نبی برحق جو آیا ہی ظلم و زیادتی کو مٹانے کے لیے تھا، جو آیا ہی عدل و انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے تھا، اس کی آمد کی برکت سے ٹوٹے ہوئے دل جڑ گئے، دریدہ قباؤں کے چاک رفو ہو گئے، خاندانی عداوتوں کے آتش کدے گلزار بن گئے؛ ایسے دین و سعادت کے پیامبر کے بارے میں ایسا تصور تک کرنا بھی انتہائی رذالت اور کمینگی ہے۔ اہلِ بیت کی عقیدت کا بہروپ دھار کر ناموسِ نبوت پر حملہ آور ہونا کہاں کی ایمانداری ہے؟ اگر نبی نے خود نعوذ باللہ اپنے خاندان کے افراد میں ظلم و عدوان کا آغاز کیا تو ظلم و ستم کی ستائی ہوئی مخلوق اپنے درد کا درماں کرنے اور اپنے زخموں پر مرہم لگوانے کہاں جائے؟کئی دوسری باتیں بھی ہبہ کے دعوے کی تردید کرتی ہیں: فدک کا علاقہ جو بطورِ فے حضور کے تصرف میں آیا، کوئی معمولی سا علاقہ نہ تھا۔ یہ ایک وسیع و عریض خطہ ہے جس میں زرخیز میدان اور شاداب باغات کا سلسلہ پھیلا ہوا تھا۔ بقول ملا باقر مجلسی اس کی سالانہ آمدنی چوبیس ہزار دینار تھی، اس وقت کے حساب کے مطابق دو لاکھ چالیس ہزار روپیہ۔ اگر حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے یہ خطہ حضرت سیدہ کو ہبہ کر دیا تھا تو پھر آپ مدینہ طیبہ کی متمول اور دولت مند خواتین میں سرفہرست ہوتیں، حالانکہ عہدِ رسالت میں آپ کی عسرت اور تنگی گزران کے قصے زبان زدِ خاص و عام ہیں۔ آٹا خود اپنے دستِ مبارک سے پیستیں، گھر میں جھاڑو خود دیتیں، کھانا پکاتیں، حتیٰ کہ بسا اوقات پانی کا بھرا ہوا مشکیزہ اپنے کندھوں پر اٹھا کر لایا کرتیں۔ جس کی سالانہ آمدنی ڈھائی لاکھ روپیہ ہو، وہ تو دس بیس غلام اور کنیزیں خرید کر رکھ سکتا ہے۔ نیز یہ روایت بھی عند الفریقین مسلم ہے کہ ایک دفعہ چند کنیزیں اور غلام بارگاہِ رسالت میں لائے گئے اور حضرت علی رضی اللہ عنہ کے ایما پر حضرت سیدہ لونڈی مانگنے کے لیے حضور کی خدمت میں گئیں تو حضور نے ارشاد فرمایا: "اے فاطمہ! اے میری لختِ جگر! جب تک اہلِ صفہ کی ضرورتیں پوری نہ ہو جائیں میں تمہیں لونڈی کیسے دے سکتا ہوں؟ البتہ تمہیں لونڈی سے بھی بہترین تحفہ پیش کرتا ہوں؛ جب سونے لگو تو 33 مرتبہ سبحان اللہ، 33 مرتبہ الحمد للہ اور 34 مرتبہ اللہ اکبر کا ورد کر لیا کرو۔"اس کے علاوہ کئی بار ایسے مواقع آئے کہ سرورِ دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے صحابہ کو خدمتِ دین کے لیے مال پیش کرنے کی دعوت دی اور ہر صحابی نے اپنی استطاعت سے بڑھ کر بطیبِ خاطر مالی قربانی پیش کی، لیکن کسی روایت میں یہ موجود نہیں کہ حضرت سیدہ نے—ان کے قول کے مطابق جن کی سالانہ آمدنی اڑھائی لاکھ روپے تھی—انھوں نے بھی کبھی اس میں حصہ لیا ہو۔ غزوہ تبوک کا واقعہ تو بالاتفاق خیبر و فدک کی فتح کے بعد کا ہے؛ اس وقت تو یقیناً آپ اتنی بڑی جاگیر کی مالک تھیں۔ مسلمانوں کی مالی حالت مخدوش تھی، تبوک کی مہم اخراجات کا تقاضا کر رہی تھی۔ سیدِ عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جہاد کی تیاری کے لیے مالی قربانی پیش کرنے کا جب اعلان کیا تو حضرت عثمان ہزاروں دینار لے آئے اور حضور کے قدموں میں لا کر ڈھیر کر دیے۔ حضور انھیں اپنی جھولی میں ڈال کر مسجد کے صحن میں پھرتے تھے اور حضرت عثمان کو دعاؤں سے نوازتے تھے۔ حضرت عمر اپنا نصف مال لے کر حاضر ہوئے، اور حضرت صدیق رضی اللہ عنہ کی تو شان ہی نرالی تھی؛ اپنا سارا اثاثہ اٹھایا اور اپنے آقا کی خدمت میں پیش کر دیا، حتیٰ کہ اپنا لباس بھی اتارا اور بوریے کا لباس پہنا۔ ان حضرات کے علاوہ دیگر صحابہ نے بھی ایثار و خلوص کے خوب خوب مظاہرے کیے، لیکن کیا کوئی ایسی روایت آپ ہمیں دکھا سکتے ہیں جس میں درج ہو کہ حضرت خاتونِ جنت رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے بھی اس میں کوئی حصہ ڈالا ہو؟ ایسا بھی نہیں کہ صحابہ کرام کے چندوں کے بعد ضرورت نہ رہی ہو، بلکہ قرآن تو صاف بتاتا ہے کہ بعض مجاہد میدانِ جنگ میں شرکت کے لیے حاضر ہوئے لیکن سواری کا انتظام نہ ہو سکا اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا: لَا اَجِدُ مَا اَحْمِلُكُمْ عَلَيْهِ (میرے پاس تمہاری سواری کے لیے کوئی جانور نہیں ہے)، ناچار انھیں واپس ہونا پڑا۔ اس وقت ان کے رنج و الم کی یہ حالت تھی کہ ان کی آنکھوں سے آنسوؤں کے دریا بہہ رہے تھے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:تَوَلَّوْا وَّ اَعْيُنُهُمْ تَفِيْضُ مِنَ الدَّمْعِ حَزَنًا — (سورۃ التوبہ: 92) کہ وہ لوٹے اس حالت میں کہ ان کی آنکھوں سے سیلِ اشک رواں تھا۔اب دو ہی صورتیں ہیں: یا تو حضرت سیدہ اتنی بڑی جاگیر کی مالک ہونے کے باوجود اللہ تعالیٰ کی راہ میں ایک پیسہ خرچ کرنے کی روادار نہ تھیں—اس بات کو کوئی ایماندار تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں، جس گھرانے سے دنیا نے جود و کرم اور بخشش و عطا کا سبق سیکھا ہو وہاں بخل اور کنجوسی کا کیا گزر!—دوسری صورت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے محبوب، اس کے اہلِ بیت اور اولاد کو دنیا کی لذتوں سے دور کا واسطہ بھی نہ تھا؛ وہاں تو آخر دم تک کئی کئی دن فاقہ سے گزرتے تھے اور کئی کئی ماہ چولہے میں آگ نہیں جلتی تھی۔ ان روشن حقائق کے سامنے کیا اس کذب و افترا کا پردہ چاک نہیں ہو جاتا کہ حضور نے اپنی صاحبزادی کو تمام دوسرے حقداروں کو محروم کرتے ہوئے اتنی بڑی جاگیر ہبہ کر کے مالک بنا دیا؟ محبت کے بلند بانگ دعاوی کے شور و غل میں ناموسِ مصطفیٰ علیہ اطیب التحیۃ والثناء اور عظمتِ اہلِ بیت رضوان اللہ علیہم پر اس بے دردی اور بے خوفی سے شبخون ہمارے ان دوستوں کو ہی زیب دیتا ہے۔اب آئیے ان روایات کی طرف جن کا سہارا لے کر گلشنِ اسلام کے ان سدا بہار اشجارِ ثمر بار پر یورش کی جاتی ہے۔ کہتے ہیں کہ حضورِ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وصال کے بعد حضرت سیدہ صدیقِ اکبر کے پاس گئیں اور میراث کا مطالبہ کیا اور یہاں تک کہا:يَا ابْنَ اَبِيْ قُحَافَةَ اَتَرِثُ اَبَاكَ وَلَا اَرِثُ اَبِيْ "اے ابوقحافہ کے بیٹے! آپ تو اپنے باپ کے وارث بنیں اور میں اپنے باپ کے ورثہ سے محروم رہوں؟"یہ بات قرینِ قیاس نہیں کہ حضور کی جدائی کا زخم ابھی تازہ ہو اور آپ نے حصولِ میراث کے لیے تگ و دو شروع کر دی ہو، نیز آپ کی شان سے بعید ہے کہ آپ خود بنفسِ نفیس عدالتِ صدیقی میں تشریف لے گئی ہوں اور دعویٰ دائر کیا ہو جیسا کہ عام طور پر بعض کم علم خیال کرتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ آپ نے کسی آدمی کے ذریعے اپنے اس مطالبہ کو خلیفہ برحق کے گوش گزار کیا۔ امام بخاری کی روایت میں اس کی تصریح موجود ہے:عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللّٰهُ تَعَالٰى عَنْهَا اَنَّ فَاطِمَةَ رَضِيَ اللّٰهُ عَنْهَا اَرْسَلَتْ اِلٰى اَبِيْ بَكْرٍ تَسْاَلُهٗ مِيْرَاثَهَا مِنَ النَّبِيِّ صَلَّى اللّٰهُ تَعَالٰى عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِمَّا اَفَاءَ اللّٰهُ عَلَيْهِ۔ترجمہ: یعنی حضرت عائشہ فرماتی ہیں کہ حضرت سیدہ فاطمہ نے حضرت ابوبکر کے پاس آدمی بھیجا اور حضور کی میراث کا مطالبہ کیا۔اس تصریح کے بعد بعض دوسرے مقامات پر جہاں مطالبہ کرنے کی نسبت خود حضرت سیدہ کی طرف کی گئی ہے، وہ مجاز ہوگا۔ جب حضرت سیدہ کا پیغام حضرت صدیقِ اکبر کو پہنچا تو آپ نے کیا جواب دیا، وہ بھی امام بخاری کے الفاظ میں سن لیجیے:فَقَالَ اَبُوْ بَكْرٍ اِنَّ رَسُوْلَ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ تَعَالٰى عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: لَا نُوْرَثُ مَا تَرَكْنَا فَهُوَ صَدَقَةٌ، اِنَّمَا يَاْكُلُ اٰلُ مُحَمَّدٍ مِنْ هٰذَا الْمَالِ... وَاِنِّيْ وَاللّٰهِ لَا اُغَيِّرُ شَيْئًا مِنْ صَدَقَاتِ النَّبِيِّ صَلَّى اللّٰهُ تَعَالٰى عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الَّتِيْ كَانَتْ عَلَيْهَا فِيْ عَهْدِ النَّبِيِّ صَلَّى اللّٰهُ تَعَالٰى عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، وَلَاَعْمَلَنَّ فِيْهَا بِمَا عَمِلَ فِيْهَا رَسُوْلُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ تَعَالٰى عَلَيْهِ وَسَلَّمَ۔ فَتَشَهَّدَ عَلِيٌّ ثُمَّ قَالَ: اِنَّا قَدْ عَرَفْنَا يَا اَبَا بَكْرٍ فَضِيْلَتَكَ، وَذَكَرَ قَرَابَتَهُمْ مِنْ رَسُوْلِ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ تَعَالٰى عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَحَقَّهُمْ۔ فَتَكَلَّمَ اَبُوْ بَكْرٍ فَقَالَ: وَالَّذِيْ نَفْسِيْ بِيَدِهٖ لَقَرَابَةُ رَسُوْلِ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ تَعَالٰى عَلَيْهِ وَسَلَّمَ اَحَبُّ اِلَيَّ اَنْ اَصِلَ مِنْ قَرَابَتِيْ۔ — (بخاری شریف جلد اول، ص 526)ترجمہ: حضرت سیدہ کے جواب میں حضرت ابوبکر نے عرض کیا: اللہ تعالیٰ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: "ہماری مالی وراثت نہیں ہوتی، جو مال ہم چھوڑ جاتے ہیں وہ صدقہ ہوتا ہے اور آلِ محمد صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم اس مال میں سے کھا سکتی ہے۔" (ابوبکر نے کہا): "بخدا! میں حضور کے صدقات میں کوئی تبدیلی نہیں کروں گا، جس طرح وہ عہدِ نبوت میں تھے ویسے ہی رہیں گے اور میں ان میں ایسا ہی کروں گا جس طرح ان میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کیا کرتے تھے۔" سیدنا علی نے ان اسباق کی تصدیق کی اور فرمایا: "اے ابوبکر! ہم آپ کی فضیلت و بزرگی کو جانتے ہیں"؛ پھر آپ نے اس رشتہ داری کا ذکر کیا جو انھیں حضور کے ساتھ تھی اور ان کے حق کا ذکر کیا۔ حضرت صدیقِ اکبر نے یہ سن کر فرمایا: "اس ذاتِ پاک کی قسم جس کے دستِ قدرت میں میری جان ہے کہ اپنے رشتہ داروں کے ساتھ صلہ رحمی سے کہیں یہ زیادہ محبوب ہے کہ میں اللہ تعالیٰ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے رشتہ داروں کے ساتھ حسنِ سلوک کروں۔"آپ خود سوچیے کہ اس جواب میں کوئی قابلِ اعتراض بات ہے؟ بے ادبی کا ادنیٰ شائبہ بھی اس میں پایا جاتا ہے؟ کیا اس سے اہلِ بیت کی حق تلفی کی نیت کا گمان ہو سکتا ہے؟ ہرگز نہیں، بلکہ آپ نے حضرت بتولِ جنت کی خدمت میں یہ عرض کیا کہ اللہ تعالیٰ کے پیارے رسول، آپ کے ابا جان اور میرے آقا و مولیٰ کا ارشادِ گرامی یہ ہے اور مجھ میں یہ تاب نہیں کہ میں ارشاداتِ نبوی سے سرِ مو انحراف کر سکوں۔ آپ خود ہی انصاف فرمائیے کہ اس جواب میں کون سا جملہ یا لفظ قابلِ اعتراض ہے!بعض لوگ فرطِ جوش اور شدتِ غضب میں یہ کہہ دیتے ہیں کہ یہ حدیث حضرت صدیق کی خود ساختہ ہے، انھوں نے فقط حضرت سیدہ کا حق غصب کرنے کے لیے یہ حدیث گھڑی ہے۔ حیرت ہے کہ ایسے بے سروپا کلمات زبان سے نکالتے ہوئے انھیں غضبِ خدا کا خوف یا جگ ہنسائی کی فکر نہیں ہوتی! یہ حدیث صرف حضرت صدیق سے ہی مروی نہیں اور نہ صرف کتبِ اہلِ سنت میں ہی مرقوم ہے، بلکہ صحابہ کی کثیر تعداد سے مروی ہے اور معترضین حضرات کی معتبر کتبِ حدیث میں بھی ائمہ اہلِ بیت سے مرقوم ہے۔ ملاحظہ فرمائیے:1. اصولِ کافی (صفحہ 18) پر حضرت امام جعفر صادق حضور نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کا ارشادِ گرامی روایت کرتے ہیں:قَالَ رَسُوْلُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ تَعَالٰى عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: اِنَّ الْعُلَمَاءَ وَرَثَةُ الْاَنْبِيَاءِ، لَمْ يُوَرِّثُوْا دِيْنَارًا وَلَا دِرْهَمًا وَلٰكِنْ اَوْرَثُوا الْعِلْمَ، فَمَنْ اَخَذَ مِنْهُ اَخَذَ بِحَظٍّ وَافِرٍ۔ — (اصولِ کافی) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ علماء انبیاء کے وارث ہیں؛ بے شک انبیاء دینار و درہم کا وارث نہیں بناتے بلکہ وہ علم ورثہ میں دیتے ہیں، جس نے ان کے علم سے حصہ لیا اسے بڑا وافر حصہ ملا۔1. دوسری روایت ملاحظہ فرمائیے: حضرت سیدنا علی مرتضیٰ شیرِ خدا اپنے فرزندِ ارجمند حضرت محمد بن حنفیہ کو از راہِ وصیت فرماتے ہیں:وَتَفَقَّهْ فِي الدِّيْنِ فَاِنَّ الْفُقَهَاءَ وَرَثَةُ الْاَنْبِيَاءِ، اِنَّ الْاَنْبِيَاءَ لَمْ يُوَرِّثُوْا دِيْنَارًا وَلَا دِرْهَمًا وَلٰكِنَّهُمْ وَرَّثُوا الْعِلْمَ، فَمَنْ اَخَذَ مِنْهُ اَخَذَ بِحَظٍّ وَافِرٍ۔ — (من لا یحضرہ الفقیہ، جلد دوم، ص 336) "اے میرے فرزند! دین میں فہم حاصل کرو کیونکہ فقہاء ہی انبیاء کے وارث ہیں؛ بے شک انبیاء دینار و درہم کا وارث نہیں بناتے بلکہ وہ علم ورثے میں دیتے ہیں، اور جس نے علمِ نبوت سے کچھ حاصل کیا اسی کو حظِ وافر نصیب ہوا۔"1. تیسری روایت ملاحظہ ہو: یہ حضرت امام جعفر صادق کا اپنا ارشاد ہے، اس سے حدیثِ نبوی کی تصدیق اور وصیتِ مرتضوی کی تصویب ہوتی ہے۔ حضرت امام نے فرمایا:اِنَّ الْعُلَمَاءَ وَرَثَةُ الْاَنْبِيَاءِ، وَذٰلِكَ اَنَّ الْاَنْبِيَاءَ لَمْ يُوَرِّثُوْا دِرْهَمًا وَلَا دِيْنَارًا وَلٰكِنَّهُمْ اَوْرَثُوْا اَحَادِيْثَ مِنْ اَحَادِيْثِهِمْ، فَمَنْ اَخَذَ بِشَيْءٍ مِنْهَا فَقَدْ اَخَذَ حَظًّا وَافِرًا۔ — (اصولِ کافی، ص 18) "بے شک علماء ہی انبیاء کے وارث ہیں کیونکہ انبیاء درہم و دینار ورثہ میں نہیں چھوڑتے بلکہ وہ احادیث (احکامِ شریعت اور اسرارِ کتاب) ہی اپنی وراثت میں چھوڑ جاتے ہیں، پس جس شخص نے اس بحرِ علم سے کچھ حاصل کیا اس کو حظِ وافر نصیب ہوا۔"اہلِ سنت کی کتب میں یہ ارشادِ نبوی کثیر التعداد صحابہ سے مروی ہے۔ بعض کے اسمائے گرامی ذہن نشین کر لیجیے: حضرت حذیفہ بن یمان، زبیر بن عوام، عباس، علی، عمر، عثمان، عبدالرحمٰن بن عوف، سعد بن ابی وقاص، ابودرداء اور ازواجِ مطہرات رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین۔جب یہ بات نہیں بنتی تو کہتے ہیں کہ یہ احادیث آیاتِ قرآنی کے خلاف ہیں کیونکہ قرآن میں يُوْصِيْكُمُ اللّٰهُ فِيْ اَوْلَادِكُمْ (تمہاری اولاد کے بارے میں اللہ تعالیٰ تمہیں وصیت کرتا ہے) آیا ہے اور اس حکم میں نبی اور امتی دونوں داخل ہیں، اور حدیث صرف وہ معتبر ہوتی ہے جو قرآن کے مطابق ہو۔ بجا فرمایا آپ نے؛ مخالفِ قرآن حدیث معتبر نہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ کا رسول قرآن کی تصدیق کے لیے تشریف لاتا ہے اس کی تردید اور تکذیب کے لیے نہیں۔ اس لیے جو حدیث قرآن کی کسی آیت کے معارض ہوگی وہ اللہ تعالیٰ کے نبی کا ارشاد نہیں ہو سکتی۔لیکن میرے محترم! کبھی آپ نے قرآن کی تفسیر اور قرآن کی تردید میں جو فرق ہے اس پر بھی غور کیا؟ اگر بیٹا باپ کو قتل کر دے تو اگرچہ وہ اس کا بیٹا ہے، لیکن کیا اس آیت کی رو سے آپ اس کو وارث بنائیں گے؟ اسی طرح خدانخواستہ اگر کسی مسلمان کا بیٹا مرتد ہو جائے، تو اس کا بیٹا ہونے میں تو شک نہیں لیکن کیا وہ مرتد بیٹا اپنے مسلمان باپ کا وارث ہوگا؟ ہرگز نہیں۔ کیا وہ احادیث جن میں قاتل اور مرتد کے وارث نہ ہونے کا حکم مذکور ہے، کیا آپ اس لیے انہیں مسترد کر دیں گے کہ وہ قرآن کی اس آیت کے منافی ہیں؟ ہرگز نہیں، بلکہ ان احادیث نے اس بات کی تفسیر کر دی کہ کون سا بیٹا اپنے باپ کا وارث ہو سکتا ہے اور کون سا نہیں۔ یہ احادیث آیتِ قرآنی کی مفسر ہیں، مغیر یا ناسخ نہیں۔اسی طرح ایک اور آیت میں غور کریں۔ ارشادِ الٰہی ہے: اَحَلَّ اللّٰهُ الْبَيْعَ وَحَرَّمَ الرِّبٰوا کہ اللہ تعالیٰ نے بیع (خرید و فروخت) کو حلال کر دیا لیکن سود کو حرام۔ اگر اس آیت کو سند بناتے ہوئے کوئی شخص شراب، سور اور مردار کی خرید و فروخت اور کاروبار شروع کر دیتا ہے تو کیا آپ اس کے استدلال کو صحیح مانیں گے اور وہ احادیث جن میں ان حرام چیزوں کے کاروبار کو روکا گیا ہے، انھیں قرآن کی ناسخ اور مخالف گردان کر مسترد کر دیں گے؟ ہرگز نہیں، بلکہ آپ یہ فرمائیں گے کہ بیع حلال ہے، لیکن ان احادیث میں—جو معترضین حضرات کی کتب میں بھی بروایت ائمہ معصومین منقول ہیں—اس آیت کی تفسیر ہے نہ کہ نسخ۔نیز جہاں خطاب ہو وہاں ہر جگہ حضور اور امت دونوں مراد نہیں ہوا کرتے بلکہ بعض مقامات پر صرف امت کو خطاب ہوتا ہے، مثلاً اسی آیت سے چند سطر پہلے ارشاد ہے:وَاِنْ خِفْتُمْ اَلَّا تُقْسِطُوْا فِي الْيَتٰمٰى فَانْكِحُوْا مَا طَابَ لَكُمْ مِّنَ النِّسَاءِ مَثْنٰى وَثُلٰثَ وَرُبٰعَ۔ — (سورۃ النساء: 3)اس آیت میں مخاطبین کو چار تک شادیاں کرنے کی اجازت ہے لیکن ان میں حضور داخل نہیں کیونکہ حضور کو نو تک شادیاں کرنے کی اجازت ہے۔یہاں معترضین حضرات فرماتے ہیں کہ انبیاء کے مال میں اگر احکامِ وراثت جاری نہیں ہوتے تو پھر وَوَرِثَ سُلَيْمٰنُ دَاوٗدَ کا کیا مطلب ہوگا کہ سلیمان علیہ السلام داؤد علیہ السلام کے وارث بنے؟ نیز حضرت زکریا علیہ السلام کیوں یہ دعائیں مانگتے رہے:فَهَبْ لِيْ مِنْ لَّدُنْكَ وَلِيًّا يَّرِثُنِيْ وَيَرِثُ مِنْ اٰلِ يَعْقُوْبَ — (سورۃ مریم: 5-6) "اے اللہ! مجھے اپنے پاس سے ایک فرزند عطا فرما جو میرا بھی وارث ہو اور آلِ یعقوب کا بھی۔"اس کے متعلق گزارش ہے کہ پہلی آیت میں جس وراثت کا ذکر ہے وہ داؤد علیہ السلام کے اموال کی وراثت نہیں بلکہ کتاب و شریعت اور نبوت کی وراثت ہے، کیونکہ اگر مال کی وراثت کا ذکر ہوتا تو آپ کے دوسرے اٹھارہ بھائی بھی آپ کے ساتھ برابر کے حصہ دار ہوتے؛ صرف ایک بیٹے کو اپنی جائیداد کا وارث بنا دینا اور باقی بھائیوں کو سرے سے محروم کر دینا شانِ نبوت کے سراسر خلاف ہے۔ اسی طرح حضرت زکریا علیہ السلام ایسے بیٹے کے لیے دامنِ طلب پھیلا کر دعا مانگا کرتے تھے جو ان کی نبوت کی ذمہ داریوں اور علوم و حکمت کا وارث ہو۔ ورنہ ان کے پاس ایسے خزانے کہاں تھے جن کے لیے وہ اتنے بے چین رہتے؟ اور یعقوب علیہ السلام کو گزرے تو صدیاں بیت چکی تھیں اور ان کے بارہ فرزند تھے، ہر ایک فرزند کی کثیر اولاد تھی اور ان صدیوں میں ان کی تعداد لاکھوں تک پہنچ چکی ہوگی؛ اگر کوئی بہت بڑا خزانہ حضرت یعقوب نے چھوڑا بھی ہوتا تو وہ تقسیم در تقسیم سے ناپید ہو چکا ہوتا۔ تو آلِ یعقوب کی وراثت جس کے لیے آپ التجا کر رہے ہیں وہی نبوت کے فرائض ہیں اور علوم و حکمت کے جواہرِ آبدار ہیں جن کے ضائع ہونے کا آپ کو اندیشہ رہا کرتا تھا اور جو ان کے نزدیک دنیا کے تمام خزانوں سے زیادہ بیش بہا تھے۔آخر میں یہ فقیر بخاری شریف کی ایک حدیث کا ذکر کرنا ضروری سمجھتا ہے۔ اسے بکثرت اچھالا جاتا ہے اور سادہ لوح لوگوں کو یہ بات ذہن نشین کرائی جاتی ہے کہ حضرت سیدہ، حضرت صدیقِ اکبر پر ناراض ہو گئیں اور عمر بھر کے لیے ان سے قطع تعلق کر لیا۔بخاری شریف میں پانچ مرتبہ فدک کا تذکرہ ہے۔ بخاری شریف جلد اول کی حدیث کے الفاظ بھی آپ پڑھ چکے ہیں، ورق الٹ کر ایک بار پھر یاد تازہ کر لیجیے؛ اس میں حضرت سیدہ کی ناراضگی کا کوئی ذکر نہیں بلکہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم صدیقِ اکبر کے موقف کی تصدیق کرتے ہیں، ان کی فضیلت کا اعتراف کرتے ہیں، اور صدیقِ اکبر آخر میں یہ کہتے ہیں کہ مجھے اس ذاتِ پاک کی قسم جس کے دستِ قدرت میں میری جان ہے حضور کے رشتہ دار مجھے اپنے رشتہ داروں سے کہیں زیادہ عزیز ہیں۔ اسی طرح صفحہ 575 جلد دوم پر حدیث مذکور ہے جس میں صراحت سے ذکر ہے کہ حضرت فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ نے ان املاک کو حضرت علی اور حضرت عباس کے تصرف میں اس شرط پر دیا تھا کہ وہ ان سے حاصل ہونے والی آمدن کو اسی طرح خرچ کریں جس طرح حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور ابوبکر صدیق خرچ کیا کرتے تھے۔ بعد میں یہ ساری املاک حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے قبضے میں آئیں، پھر آپ کی شہادت کے بعد حضرت امام حسن، آپ کے بعد حضرت امام حسین کے قبضہ میں رہیں اور یہ حضرات اپنے اپنے اوقات میں اس آمدنی کو سنتِ نبوی کے مطابق صرف کرتے رہے۔ حضرت سیدنا امام حسین کی شہادت کے بعد آپ کے صاحبزادے حضرت علی بن حسین (زین العابدین) اور حضرت امام حسن کے صاحبزادے حسن (مثنیٰ) دونوں ان کا باری باری انتظام کرتے رہے، پھر زید بن حسن کو یہ خدمت تفویض کی گئی۔ بخاری شریف کے الفاظ ہیں:فَكَانَتْ هٰذِهِ الصَّدَقَةُ بِيَدِ عَلِيٍّ، مَنَعَهَا عَلِيٌّ عَبَّاسًا فَغَلَبَهٗ عَلَيْهَا، ثُمَّ كَانَ بِيَدِ حَسَنِ بْنِ عَلِيٍّ، ثُمَّ بِيَدِ حُسَيْنِ بْنِ عَلِيٍّ، ثُمَّ بِيَدِ عَلِيِّ بْنِ حُسَيْنٍ وَحَسَنٍ كِلَيْهِمَا كَانَا يَتَدَاوَلَانِهَا، ثُمَّ بِيَدِ زَيْدِ بْنِ حَسَنٍ۔اس حدیث میں بھی کہیں حضرت سیدہ کی ناراضگی کا ذکر نہیں بلکہ یہاں سے پتہ چلتا ہے کہ حضرت سیدنا عمر نے ان علاقوں کا انتظام حضرت علی مرتضیٰ کے سپرد کر دیا تھا اور یہ سلسلہ چلتا رہا، اور مذکورہ بالا حضرات اس کی آمدن کو سنتِ نبوی کے مطابق صرف کرتے رہے۔ انھوں نے بھی اس کی حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ اگر یہ وراثت ہوتی تو حضرت سیدہ کے سارے وارثوں میں ان کے حصص کے مطابق تقسیم ہو جاتی، حالانکہ ایسا نہیں ہوا۔ ان حضرات کے مسلسل عمل نے حضرت صدیقِ اکبر اور حضرت فاروقِ اعظم کے اس فیصلے پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی اور دل میں اگر خوفِ خدا موجود ہے تو انھیں قطعاً ان حضرات پر زبانِ طعن دراز کرنے کا حق نہیں پہنچتا۔ایک لطیفہ سماعت فرمائیے:خلیفہ عباسی سفاح جب پہلا خطبہ دینے کے لیے کھڑا ہوا تو ایک آدمی جس نے اپنے گلے میں قرآن مجید حمائل کر رکھا تھا، کھڑا ہوا اور کہنے لگا:اُنَاشِدُكَ اللّٰهَ اِلَّا حَكَمْتَ بَيْنِيْ وَبَيْنَ خَصْمِيْ بِهٰذَا الْمُصْحَفِ۔ "اے خلیفہ! میں تمہیں اللہ تعالیٰ کا واسطہ دے کر التجا کرتا ہوں کہ میرے درمیان اور میرے دشمن کے درمیان اس قرآن کی رو سے فیصلہ کرو۔"خلیفہ نے پوچھا: "تمہارا دشمن کون ہے؟" کہنے لگا: "اَبُوْ بَكْرٍ فِيْ مَنْعِهٖ فَدَكَ" (ابوبکر میرا دشمن ہے جس نے فدک اہلِ بیت کو نہیں دیا)۔ سفاح نے پوچھا: "اَظَلَمَكَ؟" (کیا ابوبکر نے تجھ پر ظلم کیا ہے؟) اس نے کہا: "ہاں۔" اس طرح پھر عثمان کے بارے میں گفتگو ہوئی اور اس نے کہا کہ عثمان نے بھی مجھ پر ظلم کیا۔ خلیفہ نے پوچھا: "کیا علی نے بھی تم پر ظلم کیا؟" اسے اس پر سکتہ طاری ہو گیا اور اس سے کوئی جواب نہ بن آیا۔عملی طور پر حضرت علی مرتضیٰ اور ائمہ اہلِ بیت نے بھی وہی کچھ کیا جو حضرت صدیق اور حضرت فاروقِ اعظم نے کیا تھا؛ نہ اس زمین کی حیثیت میں تبدیلی کی، نہ اس زمین سے حاصل ہونے والی آمدنی میں کسی قسم کا رد و بدل کیا، نہ کسی کے لیے از راہِ وراثت مالکانہ حقوق تسلیم کیے۔ تو پھر یہ کہاں کی انصاف پسندی ہے کہ آپ ان حضرات کو کچھ نہ کہیں اور اپنا سارا غصہ حضور کے پیارے، محبوب اور وفاشعار بزرگ ہستیوں پر نکالیں جن کا جرم یہ ہے کہ انھوں نے سنتِ نبوی سے انحراف نہ کیا؟ اگر یہ جرم ہے تو اس جرم میں تو کئی اور حضرات بھی شریک ہیں جن سے یہ لوگ اپنی محبت و عقیدت کا دم بھرتے ہیں۔ ابوبکر اور عمر کا اصلی قصور یہ ہے—جسے وہ کسی قیمت پر معاف نہیں کر سکتے—کہ انھوں نے مشرق و مغرب میں اسلام کا جھنڈا بلند کر دیا، آتش کدے سرد کر دیے، قیصر و کسریٰ کے ایوانوں کو سرنگوں کر دیا، شام کے لالہ زاروں اور ایران کے مرغزاروں سے لَا اِلٰهَ اِلَّا اللّٰهُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰهِ کی دل نواز صدائیں بلند ہونے لگیں۔اسی طرح بخاری شریف کے دوسرے مقامات پر بھی جو احادیث ہیں، ان میں کہیں حضرت سیدہ کے غصے اور ناراضگی کا ذکر تک نہیں کیا گیا۔ البتہ ایک حدیث جو صفحہ435 پر مذکور ہے وہ غور طلب ہے۔عروہ بن زبیر کہتے ہیں کہ حضرت عائشہ صدیقہ نے انہیں بتایا کہ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا نے حضور کی وفات کے بعد ابوبکر صدیق سے میراث کا مطالبہ کیا۔ حضرت صدیقِ اکبر نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی حدیث پیش کی: لَا نُوْرَثُ مَا تَرَكْنَا صَدَقَةٌ (الخ) اور پھر معذرت خواہانہ انداز میں گزارش کی:لَسْتُ تَارِكًا شَيْئًا كَانَ رَسُوْلُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ تَعَالٰى عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَعْمَلُ بِهٖ اِلَّا اِنِّيْ عَمِلْتُ بِهٖ، فَاِنِّيْ اَخْشٰى اِنْ تَرَكْتُ شَيْئًا مِّنْ اَمْرِهٖ اَنْ اَزِيْغَ۔ یعنی: "میں کسی ایسی چیز کو ترک نہیں کر سکتا جس پر حضور کا عمل تھا مگر میں اس پر عمل کروں گا، کیونکہ مجھے یہ خوف ہے کہ اگر میں نے حضور کے کسی کام کو چھوڑا تو مجھ میں کجی پیدا ہو جائے گی۔"کتنی صاف بات ہے اور کس حسین انداز سے اپنی معذوری کا اظہار کیا ہے! آپ کی ساری زندگی اتباعِ سنت کا زندہ ثبوت ہے۔اس حدیث میں یہ الفاظ ہیں:فَغَضِبَتْ بِنْتُ رَسُوْلِ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَهَجَرَتْ اَبَا بَكْرٍ وَلَمْ تَزَلْ مُهَاجِرَتَهٗ حَتّٰى تُوُفِّيَتْ۔ کہ حضرت سیدہ، ابوبکر صدیق کی اس بات پر ناراض ہو گئیں اور صدیقِ اکبر سے قطع تعلق کر لیا۔ان الفاظ میں چند امور غور طلب ہیں: کیا یہ حضرت سیدہ کا قول ہے کہ "میں ابوبکر سے ناراض ہوں"؟ ہرگز نہیں، اور نہ ہی یہ حضرت عائشہ کا قول ہے، بلکہ ان کے بعد کے راویوں میں سے کسی راوی نے اپنے خیال کے مطابق یہ قیاس آرائی کی۔ لیکن یہ قیاس آرائی شانِ بتول کے سراسر خلاف ہے کیونکہ یہ تصور بھی نہیں کیا جا سکتا کہ آپ کے سامنے رسولِ کریم کا قول پیش کیا جائے اور آپ اسے بخوشی قبول نہ کریں بلکہ الٹا ناراضگی کا اظہار کریں۔ آپ ذرا قرآنِ کریم کی اس آیت پر غور کریں، اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:فَلَا وَرَبِّكَ لَا يُؤْمِنُوْنَ حَتّٰى يُحَكِّمُوْكَ فِيْمَا شَجَرَ بَيْنَهُمْ ثُمَّ لَا يَجِدُوْا فِيْ اَنْفُسِهِمْ حَرَجًا مِّمَّا قَضَيْتَ وَيُسَلِّمُوْا تَسْلِيْمًا۔ — (سورۃ النساء: 65) "اے میرے محبوب! تیرے رب کی قسم وہ لوگ مسلمان ہو ہی نہیں سکتے یہاں تک کہ وہ اپنے متنازعہ امور میں آپ کو حکم تسلیم کریں اور جو آپ فیصلہ فرما دیں اس کے بارے میں ان کے دل میں ناگواری کا کوئی اثر نہ ہو اور وہ آپ کے فیصلہ کے سامنے سرِ تسلیم خم کر دیں۔"جب ایک عام انسان پر لازم ہے کہ وہ حضور کے فیصلہ کے سامنے بلا چون و چرا سرِ تسلیم خم کر دے اور اس کے بارے میں دل میں کسی قسم کا ملال نہ لائے، تو حضرت خاتونِ جنت کے متعلق یہ کہنا کہ آپ ارشادِ نبوی سن کر ایسی خشمناک ہو گئیں کہ قطع تعلق کر لیا، ہرگز قابلِ تسلیم نہیں۔ راوی کا یہ بیان ہے اور نیک سے نیک آدمی بھی غلط فہمی کا شکار ہو سکتا ہے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام جب طور سے واپس آئے اور اپنی قوم کو بچھڑے کی پرستش کرتے ہوئے دیکھا تو وہ بے قابو ہو گئے اور یہ خیال کیا کہ شاید اس میں حضرت ہارون کی غفلت کا دخل ہے حالانکہ ایسا ہرگز نہیں تھا۔ تو اس طرح کی غلط فہمیاں جب اکابر کو ہو جاتی ہیں تو راویِ حدیث—بے شک عادل اور ثقہ کیوں نہ ہو—اس قسم کی غلط فہمی کا شکار ہو جائے تو قطعاً بعید از فہم نہیں۔ لیکن اگر ان الفاظ کو حقیقت پر محمول کیا جائے تب بھی ایسی روایات بکثرت موجود ہیں جن سے حضرت سیدہ کی خوشنودی کا ثبوت ملتا ہے۔ صرف ایک حوالہ پر ہی اکتفا کرتا ہوں:علامہ کمال الدین میثم البحرانی نہج البلاغہ کی شرح (جلد خامس) میں اس واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ حضرت سیدہ کی گفتگو سن کر صدیقِ اکبر نے کہا:يَا خِيْرَةَ النِّسَاءِ وَابْنَةَ خَيْرِ الْاٰبَاءِ، وَاللّٰهِ مَا عَدَوْتُ رَاْيَ رَسُوْلِ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَلَا عَمِلْتُ اِلَّا بِاَمْرِهٖ۔ "اے خواتینِ عالم کی سردار! اے تمام باپوں کے تاجدار کی لختِ جگر! خدا کی قسم میں نے حضورِ کریم علیہ الصلوٰۃ والسلام کی رائے سے ذرا تجاوز نہیں کیا، میں نے وہی کچھ کیا جس کا حضور نے حکم دیا۔"اس کے بعد آپ نے عرض کیا:كَانَ رَسُوْلُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ تَعَالٰى عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَاْخُذُ مِنْ فَدَكَ قُوْتَكُمْ وَيَقْسِمُ الْبَاقِيَ وَيَحْمِلُ مِنْهُ فِيْ سَبِيْلِ اللّٰهِ، وَلَكِ عَلَيَّ اَنْ اَصْنَعَ بِهَا كَمَا كَانَ يَصْنَعُ۔ فَرَضِيَتْ بِذٰلِكَ وَاَخَذَتِ الْعَهْدَ عَلَيْهِ بِهٖ۔ "حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام فدک سے تمہاری ضروریاتِ زندگی (خوراک) لیا کرتے تھے اور باقی کو مستحقین میں تقسیم کر دیا کرتے تھے اور مجاہدین کو سواریاں اسی سے مہیا فرماتے۔ اور میں اللہ تعالیٰ کو گواہ بنا کر اس بات کا وعدہ کرتا ہوں کہ میں بھی وہی کچھ کروں گا جس طرح حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کیا کرتے تھے۔" یہ سن کر آپ راضی ہو گئیں اور اس بات پر عمل پیرا رہنے کا پختہ وعدہ لے لیا۔اس کے بعد علامہ کمال الدین کہتے ہیں جس سے امام بخاری کی بھی تصدیق ہوتی ہے:وَكَانَ يَاْخُذُ فَدَكَ فَيَدْفَعُ غَلَّتَهَا اِلَيْهِمْ مِنْهَا مَا يَكْفِيْهِمْ ثُمَّ فَعَلَتِ الْخُلَفَاءُ بَعْدُ كَذٰلِكَ۔ — (شرح نہج البلاغہ، جلد 5، ص 107) یعنی حضرت ابوبکر صدیق کا معمول تھا کہ فدک کا غلہ لیتے اور اہلِ بیت کے افراد میں حسبِ ضرورت تقسیم کرتے۔ آپ کے بعد آنے والے خلفاء بھی اسی طرح کرتے رہے۔جب ان حقائق کا آپ نے مطالعہ فرما لیا تو حضرت صدیقِ اکبر پر لگائے جانے والے الزام کی مکمل طور پر بیخ کنی ہو گئی اور اسی طرح حضرت فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ کی ذاتِ اقدس و اطہر پر جو بہتان تراشی کی جاتی تھی اس کا بھی نام و نشان نہ رہا۔اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعَالَمِيْنَ وَالصَّلٰوةُ وَالسَّلَامُ عَلٰى سَيِّدِ الْمُرْسَلِيْنَ وَعَلٰى اٰلِهِ الطَّاهِرِيْنَ وَاَزْوَاجِهِ الطَّاهِرَاتِ اُمَّهَاتِ الْمُؤْمِنِيْنَ وَعَلٰى سَائِرِ الصَّحَابَةِ وَالتَّابِعِيْنَ اَجْمَعِيْنَ۔(مقالات از حضرت ضیاء الامت پیر محمد کرم شاہ، جلد 2، صفحہ 211 تا 232)