عام تلاش:

عورت کا جاب کرنا کیسا ہے؟

سوال

کیا فرماتے ہیں علمائے دین اندر ایں مسئلہ کہ فی زمانہ (موجودہ دور میں )عورتوں کا نوکری/جاب کرنا کیسا ہے؟ بینوا تؤجروا

Nov 23, 2026 151 views
شیئر کریں:

جواب

الجواب بعون الملک الوھاب

                                     بسم اللہ الرحمن الرحیم حامدا و مصلیا

بنیادی طور پر عورت کو گھر میں رہنےکا حکم اللہ رب نے قرآن پاک میں فرمایا۔وَقَرْنَ فِي بُيُوتِكُنَّ وَلا تَبَرَّجْنَ تَبَرُّجَ الْجاهِلِيَّةِالاُولی۔(پارہ22 سورہ احزاب آیت 33)

ترجمہ ضیاء القرآن:۔ اور ٹھہری رہو اپنے گھروں میں اور اپنی آرائش کی نمائش نہ کرو جیسا سابق دور جاہلیت میں رواج تھا۔

حضرت ضیاء الامت پیر محمد کرم شاہ الازہری رحمۃ اللہ علیہ اپنی تفسیر ضیاء القرآن میں حسین انداز میں تحریر فرماتے ہیں ۔

آیت میں جو اہم الفاظ ہیں پہلے ان کا مفہوم ذہن نشین کرلیجئے۔ اس کے بعد اس آیت کا مقصد اور مفہوم سمجھنے کی کوشش فرمائیے۔ وقرن : یہ لفظ یا قرار سے ماخوذ ہے یا وقار سے، دونوں سے مقصد یہ ہے کہ امہات المومنین کو اپنے گھروں میں سکون ووقار سے ٹھہرنے کا حکم دیا جا رہا ہے اور بلا ضرورت گھروں سے نکلنے کی ممانعت فرمائی جا رہی ہے اور زمانہ جاہلیت میں عورتیں جس طرح بن ٹھن کر بازاروں میں بےحجاب پھرا کرتی تھیں اور اپنے حسن و جمال کی نمائش کیا کرتی تھیں اس سے سختی سے روکا جا رہا ہے۔ اگرچہ یہاں خطاب صرف ازواج الرسول سے ہے لیکن امت کی ساری خواتین کے لئے یہی حکم ہے

علامہ قرطبی لکھتے ہیں کہ زمانہ جاہلیت میں عورتیں نازو ادا سے مٹکتی اور لچکتی ہوئی سربازار ٹہلا کرتی تھیں۔ اس سے باز رہنے کا حکم دیا جا رہا ہے۔

اسلام کے نزدیک عفت وعصمت کی جو قدرو منزلت ہے۔ اس کے پیش نظریہ احکام صادر فرمائے جا رہے ہیں۔ ان راستوں کو ہی بند کیا جا رہا ہے۔ ان اسباب کا ہی قلع قمع کیا جا رہا ہے جن کے ذریعہ اس متاع گرانمایہ کے لٹنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔ کوئی زیرک قیمتی جواہرات رکھ کر اپنے گھر کے دروازے چوروں کے لئے نہیں کھولتا، جو لوگ اس زعم باطل میں مبتلا ہیں کہ ان کے گھروں کی خواتین، ان کی بچیاں، بہنیں پختہ کردار کی مالک ہیں، وہ اگرچہ قیمتی اور بھڑکیلے ملبوسات پہن کر بےپردہ گھومتی رہیں تو ان کی عزت وآبرو پر کوئی آنچ نہیں آسکتی۔ انہیں ہم نرم سے نرم الفاظ میں ” بھولا “ کہہ سکتے ہیں۔ اور ان کا یہ بھولا پن انہیں ایک روز ایسے گڑھے میں پھینک دے گا جس سے نکلنے کی کوئی صورت نہ ہوگی۔ فطرت انسانی کے حیوانی تقاضوں کی شدت سے ان کی دانستہ چشم پوشی انہیں ایسے بھیانک نتائج سے دو چار کر دے گی کہ ان کا قلبی سکون برباد اور ذہنی توازن بگڑ کر رہ جائے گا۔ اس وقت وہ پچھتائیں گے جب چڑیاں کھیت چگ گئی ہوں گی۔ اس وقت وہ زار زار روئیں گے، لیکن ان کو اپنے درد کا درماں نہیں ملے گا۔

اسلام نے مسلمانوں کو جو ثقافت اور تہذیب عطا کی ہے، وہ تو ان آیات میں مذکور ہے۔ اب اگر ہمارے قائدین اپنی ملت کی بچیوں کو کوئی دوسری ثقافت سکھانا چاہیں اور مغربی تمدن ومعاشرت کے آداب کی تعلیم دینا چاہیں تو ان کی مرضی۔ اسلام نے، قرآن نے اور حامل قرآن نے تو مسلمان عورتوں کے لئے اس حیا سوز اور غیرت باختہ طرز معاشرت سے سختی سے روکا ہے۔ بزاز نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی ہے کہ عورتیں بارگاہ نبوت میں حاضر ہوئیں اور عرض کی :

یا رسول اللہ ! مرد ساری فضیلتیں لے گئے۔ جہاد میں شرکت کا شرف بھی صرف انہیں نصیب ہوتا ہے۔ کیا کوئی عمل ایسا ہے جو ہم کریں اور ہمیں مجاہدین کا درجہ حاصل ہو “۔

فقال علیہ الصلوۃ والسلام۔ من قعدت منکن فی بیتھا فانھا تدرک عمل المجاھدین فی سبیل اللہ۔

ارشاد فرمایا تم میں سے جو عورت اپنے گھر میں بیٹھے گی اسے مجاہدین فی سبیل اللہ کا درجہ ملے گا۔                                              (روح المعانی)

پاکستان، جسے مملکت اسلامیہ ہونے کا دعوی ہے۔ وہاں مردوں اور عورتوں کا بےدریغ اختلاط، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں مخلوط تعلیم، عورتوں کا ان دفتروں میں ملازمت کرنا جہاں مرد ہوتے ہیں، ایسے اجتماعات اور مذاکروں میں شرکت کرنا، عام بازاروں اور شاہراہوں پر ننگے سر۔ چست لباس پہنے۔ نیم عریاں ہو کر گھومنا پھرنا ایک بڑا المیہ ہے۔ اور ہمارا طرز عمل اسلام کی تہذیب و ثقافت پر ناروا زیادتی بلکہ اسے مسخ کرنے کے مترادف ہے۔ (ضیاء القرآن ج4 ص45تا46)

حدیث پاک میں ہے۔

ابن کثیر، درمنثور، تفسیر مظہری، سنن الترمذی، مصنف ابن ابی شیبہ، مسند البزار، صحیح ابن خزیمہ، صحیح ابن حبان، المعجم الاوسط، المعجم الکبیر للطبرانی، الجامع الصحیح للسنن والمسانید، عمدۃ القاری، مشکاۃ المصابیح ۔والنظم من صحیح ابن خزیمۃ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ إِنَّ الْمَرْأَةَ عَوْرَةٌ، فَإِذَا خَرَجَتِ اسْتَشْرَفَهَا الشَّيْطَانُ، وَأَقْرَبُ مَا تَكُونُ مِنْ وَجْهِ رَبِّهَا وَهِيَ فِي قَعْرِ بَيْتِهَا۔       (صحیح ابن خزیمہبَابُ اخْتِيَارِ صَلَاةِ الْمَرْأَةِ فِي بَيْتِهَا عَلَى صَلَاتِهَا فِي الْمَسْجِدِ ج3 ص93)

یعنی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : عورت کا مستور اور باپردہ رہنا ہی بہتر ہے جب وہ گھر سے نکلتی ہے تو شیطان اسے جھانکنے لگتا ہے۔ جب تک وہ اپنے گھر کی چار دیواری میں رہتی ہے۔ وہ رحمت الہی سے قریب تر ہوتی ہے۔

شریعت نے اصل میں عورت پر کسب معاش کی ذمہ داری نہیں ڈالی بلکہ مردوں کو کسب معاش کا ذمہ دار بنایا ہے چنانچہ شادی تک لڑکیوں کا نان و نفقہ والد کے ذمہ اور شادی کے بعد شوہر پر واجب قرار دیا ہے، یہی لوگ اس کے نان و نفقہ کے ذمہ دار ہیں۔

اس لیے کسی عورت کو اگر نفقے کی تنگی یا مخصوص حالات کے تحت معاشی بدحالی کا سامنا نہیں، تو محض معیار زندگی بلند کرنے اور زندگی میں خوشحالی پیدا کرنے کے واسطے گھر سے با ہر نکل کر ملازمت کی پیش قدمی کرنا شریعت کی نظر میں پسندیدہ عمل نہیں۔

لیکن عورت کو اگر معاشی تنگی کا سامنا ہو اور شوہر اس کی ذمہ داری سے قاصر ہو یا تساہل کرتا ہو اور گھر میں رہ کر عورت کے لیے کوئی ذریعہ معاش اختیار کرنا ممکن نہ ہوتو ایسی مجبوری اور شدید ضرورت کے وقت عورت ملازمت کے لیے گھر سے باہر چند شرائط کے ساتھ نکل سکتی ہے۔

عورتوں کی نوکری یا جاب کرنے کی پانچ شرطیں ہیں اگر عورت ان پر پوری اترے تو نوکری کرنا جائز ہے ورنہ جائز نہیں ،حرام ہے۔

جیساکہ فتاوی رضویہ میں ہے۔

یہاں پانچ شرطیں ہیں۔

(۱) کپڑے باریک نہ ہوں جن سے سر کے بال یا کلائی وغیرہ ستر کا کوئی حصہ چمکے۔

(۲)کپڑے تنگ وچست نہ ہو جو بدن کی ہیأت ظاہر کریں۔

(۳) بالوں یا گلے یا پیٹ یاکلائی یا پنڈلی کا کوئی حصہ ظاہرنہ ہو۔

(۴) کبھی نامحرم کے ساتھ کسی خفیف دیر کے لئے بھی تنہائی نہ ہوتی ہو۔

(۵) اس کے وہاں رہنے یا باہر آنے جانے میں کوئی مظنہ فتنہ نہ ہو۔

یہ پانچ شرطیں اگر جمع ہیں تو حرج نہیں اور ان میں ایک بھی کم ہے توحرام۔(فتاوی رضویہ ج22ص248)

ھذا ماعندنا واللہ اعلم بالصواب                                  

شیر محمد خان مفتی دارالافتاء دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف

                ضیاء المصطفی نائب مفتی دارالافتاء دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف

                                                                                            محمد شعیب رکن دارالافتاء دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف

تاریخ: 2019۔04۔14

شیئر کریں:
ماخذ: آف لائن تحریری ریکارڈ