سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے دین اندر ایں مسئلہ کہ نابینا کی امامت کا کیا حکم ہے؟ بینوا تؤجروا
جواب
الجواب بعون الملک الوھاب
بسم اللہ الرحمن الرحیم حامدا و مصلیا
ایسے نابینا کی امامت جوکہ کپڑوں کی طہارت کا خیال رکھتا ہو نیز حاضرین میں سے کوئی اس سے زیادہ علم نہ رکھتا ہو تو اس کی امامت جائز ہے۔ اس میں کراہت نہیں۔
فتاوی رضویہ میں ہے۔ نابینا کے کپڑے پر اگر نجاست بقدر منع نماز لگی ہے اور اسے خبر نہیں یا اس کے زخم یا پھوڑے سے خون بہا اور اس نے نہ دیکھا تو اس صورت میں اس کے پیچھے نماز ناجائز ہے ورنہ مکروہ تنزیہی اور خلاف اولیٰ ہے جبکہ سب حاضرین سے زیادہ علم نہ رکھتا ہے ورنہ وہی امام کیا جائے گا۔ (فتاوی رضویہ ج6 ص495)
فتاوی شامی میں ہے۔ قَيَّدَ كَرَاهَةَ إمَامَةِ الْأَعْمَى فِي الْمُحِيطِ وَغَيْرِهِ بِأَنْ لَا يَكُونَ أَفْضَلَ الْقَوْمِ، فَإِنْ كَانَ أَفْضَلَهُمْ فَهُوَ أَوْلَى۔ (فتاوی شامی ج1 ص560)
ھکذا فی البحر الرائق۔
اندھے کی امامت کا مکروہ ہونا اس بات سے مقید ہے کہ وہ قوم میں سے افضل نہ ہو اگر وہ افضل ہو تو وہ اولی ہے۔
نیز سرکار دو عالمﷺ کا حضرت عبد اللہ ابن ام مکتوم اور عتبان جو کہ نابینا تھے کو مدینہ شریف پر خلیفہ بنانا اس کی خاص دلیل ہے۔(المبسوط)
ھذا ماعندنا واللہ اعلم بالصواب
شیر محمد خان
مفتی دارالافتاء دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف ضلع سرگودھا
الجواب صحیح
ضیاء المصطفی
نائب مفتی دارالافتاء دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف
تاریخ:2018۔11-06