سوال
کیا فرماتے ہیں علمائے دین اندر ایں مسئلہ کہ عورت کو غسل کرتے ہوئے سر کے بال کھولنا ضروری ہے ؟ بینوا تؤجروا۔
جواب
الجواب بعون الملک الوھاب
بسم اللہ الرحمن الرحیم حامدا و مصلیا
اگر بالوں کو کھولے بغیر بالوں کی جڑوں تک پانی پہنچ جائے تو بال کھولنا ضروری نہیں اور اگر بال اتنے سخت باندھے ہیں کہ پانی جڑوں تک نہیں جاتا تو تو بال کھولنا لازم ہوگا اور پانی بہانا اور پہنچانا لازم ہوگا۔ حدیث پاک میں ہے: عَنْ أُمِّ سَلَمَةَ، قَالَتْ: قُلْتُ يَا رَسُولَ اللهِ إِنِّي امْرَأَةٌ أَشُدُّ ضَفْرَ رَأْسِي فَأَنْقُضُهُ لِغُسْلِ الْجَنَابَةِ؟ قَالَ:لَا إِنَّمَا يَكْفِيكِ أَنْ تَحْثِي عَلَى رَأْسِكِ ثَلَاثَ حَثَيَاتٍ ثُمَّ تُفِيضِينَ عَلَيْكِ الْمَاءَ فَتَطْهُرِينَ۔(مسلم، رقم الحدیث 330، جلد1، صفحہ 259)
ترجمہ: ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے عرض کی کہ یا رسول اللہ! میں اپنے سر کی چوٹی مضبوط باندھتی ہوں تو کیا جنابت کے غسل کے لیے اسے کھول دوں؟ فرمایا: نہیں تمہیں اتنی بات ہی کافی ہے کہ تم اپنے سر پر تین چلو پانی ڈال دو، پھر اپنے اوپر پانی بہالو، پاک ہو جاؤگی۔
فتاوی عالمگیری میں ہے: وَلَيْسَ عَلَى الْمَرْأَةِ أَنْ تَنْقُضَ ضَفَائِرَهَا فِي الْغُسْلِ إذَا بَلَغَ الْمَاءُ أُصُولَ الشَّعْرِ وَلَيْسَ عَلَيْهَا بَلُّ ذَوَائِبِهَا هُوَ الصَّحِيحُ. كَذَا فِي الْهِدَايَةِ.وَلَوْ كَانَ شَعْرُ الْمَرْأَةِ مَنْقُوضًا يَجِبُ إيصَالُ الْمَاءِ إلَى أَثْنَائِهِ وَيَجِبُ عَلَى الرَّجُلِ إيصَالُ الْمَاءِ إلَى أَثْنَاءِ اللِّحْيَةِ كَمَا يَجِبُ إلَى أُصُولِهَا وَإِلَى أَثْنَاءِ شَعْرِهِ وَإِنْ كَانَ ضَفِيرًا. كَذَا فِي مُحِيطِ السَّرَخْسِيِّ۔(فتاوی عالمگیری، جلد1، صفحہ 13)
بہار شریعت میں ہے: سر کے بال گندھے نہ ہوں تو ہر بال پر جڑ سے نوک تک پانی بہنا اور گندھے ہوں تو مرد پر فرض ہے کہ ان کو کھول کر جڑ سے نوک تک پانی بہائے اورعورت پر صرف جڑ تر کرلینا ضروری ہے کھولنا ضرور ی نہیں، ہاں اگر چوٹی اتنی سَخْت گُندھی ہو کہ بے کھولے جڑیں تر نہ ہوں گی تو کھولنا ضروری ہے۔ (بہار شریعت، جلد1، حصہ2، صفحہ317)
ھذا ماعندنا واللہ اعلم بالصواب
شیر محمد خان مفتی دارالافتاء دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف
محمد شعیب رکن دارالافتاء دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف
تاریخ: 2026۔11۔23